یونیورسٹیاں اپنے وسائل سے سموگ جیسے مسئلے کے حل ،ماحولیات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں‘بلیغ الرحمن

ہفتہ 9 دسمبر 2023 22:51

یونیورسٹیاں اپنے وسائل سے سموگ جیسے مسئلے کے حل ،ماحولیات کو بہتر بنانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) چانسلر/گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات پر قائم کنسورشیم کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سموگ کے مسلے کے حل کے لیے تجاویز اور اقدامات پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر سمیت مختلف سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر کنسورشیم کے کنوینئر سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور واجد نسیم جتوئی نے گورنر پنجاب کو کنسورشیم میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ سموگ ماحولیات کے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے انسانی صحت پر بہت مضراثرات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات ماحولیات پر کی گئی تحقیق اور ماہرین کے تجربات کی روشنی میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ کے حل میں کردار ادا کریں ۔انہوں نے چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر کو ہداہت کی کہ اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے روابط کو مضبوط بنائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات کے طلبا سوشل میڈیا پر ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے متعلق عوام الناس میں آگہی پھیلانے کے لیے پیغامات کی تشہیر کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں اپنے وسائل سے سموگ جیسے مسلے کے حل اور ماحولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ شارٹ ٹرم سلوشنز پر فوری کام شروع کیا جائے۔ گورنر پنجاب نے مختلف اسٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری محکموں کو سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حتمی سفارشات تین دن کے اندر بھیجنے کی ہدایت بھی کی ۔

اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر واجد نسیم جتوئی، ڈائریکٹر، انٹرنیشنل سینٹر فار کلائمیٹ چینج، فوڈ سیکیورٹی اینڈ سسٹین ایبلٹی (ICCFS)، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کو موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات پر قائم کنسورشیم کے لیے فوکل پرسن بھی نامزد کیا گیا۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر واجد نسیم جتوئی, پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد، وائس چانسلر ،یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، وائس چانسلر- یو ایچ ایس؛ پروفیسر ڈاکٹر عارفہ طاہر (چیئرپرسن، شعبہ انوائرمنٹل سائنسز) ایل سی ڈبلیو یو؛ پروفیسر ڈاکٹر سید حبیب بخاری، وائس چانسلر ،کوہسار یونیورسٹی، مری؛ پروفیسر ڈاکٹر ایم سجاد خان، وائس چانسلر- چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، بہاولپور؛ پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز، وائس چانسلر، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، ڈاکٹر عزیر خان، یونیورسٹی آف لاہور اور ڈاکٹر علی حسین کاظم، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور شامل تھے۔

دریں اثنا،گورنر ہاوس لاہور میں پنجاب پیرا اولمپکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ویل چیئر ریس منعقد ہوئی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن اور بیگم گورنر عائشہ بلیغ ویل چیئر ریس کے شرکا سے ملے اور انہیں گورنر ہائوس لاہور میں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر صدر پیرا اولمپکس ایسوسی ایشن ڈاکٹر خالد جمیل اور ویل چیئر ریس کے شرکا موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے میں برابر کے مواقع ملنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہاوس میں علامتی ریس کا انعقاد ہوا ہے ۔ انہوں نے ویل چیئر ریس کے شرکا سے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں، وہ جب چاہیں یہاں آ سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس لاہور میں پہلی دفعہ ویل چیئر ریمپس بنائے گئے ہیں جبکہ دربار ہال اور اوپر کے حصے تک رسائی کے لیے لفٹ لگائی جا رہی ہے جس میں بصارت سے محروم افراد کے لیے بریل زبان میں بھی سہولت موجود ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو بھی متوجہ کیا ہے کہ خصوصی افراد کے لیے سڑکوں پر خصوصی ٹریفک سگنلز لگائے جائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کے لیے آواز والے ٹریفک کے اشاروں کی سہولت مہیا کی جانی چاہیئے۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور سب کو مل جل کر ایک ایسا معاشرہ بنانا ہے جس میں سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر آگے چلیں ۔ ریس کے اختتام پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ریس جیتنے والے افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ویل چیئر ریس کے شرکا نے گورنر پنجاب کا انہیں گورنر ہائوس مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔