سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوگئی

سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر2 لاکھ 15 ہزار600 روپے ہوگئی، 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کی کمی ہوئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 دسمبر 2023 19:37

سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوگئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2023ء) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی قمیتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 600 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 84 ہزار 842 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہےعالمی مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ میں 26 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 2004 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ مزید برآں نومبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے دو اعشاریہ تین ارب ڈالر کا زرمبادلہ وطن بھیجاجو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں تین عشاریہ چھ فیصد کم ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں ورکرزکی ترسیلات زر کا مالی حجم گیارہ ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر کے دوران سعودی عرب سے چون کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے اکتالیس کروڑ ڈالر ، برطانیہ سے چونتیس کروڑ ڈالر اور امریکہ سے اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے چھبیس کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔ دریں اثناں ایک رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں نے اجارہ سکوک بانڈز کے ذریعے حکومتی توقعات سے 16گنا زیادہ سرمایہ فراہم کردیا حکومت نے اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی کے ذریعے 30 ارب ڈالر کا سرمایہ اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، لیکن پہلے ہی روز 479 ارب روپے جمع ہوگئے، یہ غیر سرکاری اعداد و شمار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے کی گئی نیلامی کے ہیں، جو کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک میں کی جاتی تھی۔

دو نمایاں ریسرچ ہاسز کا کہنا ہے کہ ایک سالہ سکوک بانڈز پر سود کی شرح 20 فیصد سے کم ہوگی، اگر یہ سچ ہے تو یہ شرح ایک سالہ ٹی بلز کی اوسط شرح 22 فیصد سے کم ہے۔