پشاور ریجن نے انٹر زونل ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

اتوار 10 دسمبر 2023 05:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) خیبرپختونخوا میں انٹر زونل ویمن کرکٹ چیمپئن شپ پشاور ریجن نے اپنے نام کرلی۔شہید بینظیر ویمنز یونیورسٹی پشاور میں تین روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں صوبے بھر سے خواتین کی 8 کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔انٹر زونل ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں پشاور ریجن کی ٹیم نے بنوں ریجن کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں بنوں ریجن نے دوسری جبکہ مردان ریجن نے مالاکنڈ ریجن کو ایک رنز سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔خواتین کھلاڑیوں نے خیبرپختونخوا میں چیمپئن شپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کی جانب سے جامعات کی سطح پر کرکٹ اکیڈمیوں کا قیام لائق تحسین ہے، ویمن کرکٹ کے فروغ کیلئے میچز تسلسل سے ہونے چاہیے۔کھلاڑیوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ویمز کرکٹ کو جامعات کی سطح پر لانے سے نہ صرف نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔