Live Updates

پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل 10 کے باقی میچز کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا

پی ایس ایل کو ملتوی کردیا گیا ہے، باقی میچز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، اسٹیک ہولڈرز متفق ہیں کہ یہ وقت کرکٹ کھیلنے یا انٹرٹینمنٹ کا نہیں ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 مئی 2025 20:47

پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل 10 کے باقی میچز کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 09 مئی 2025ء ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کے باقی میچز کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز متفق ہیں کہ یہ وقت کرکٹ کھیلنے یا انٹرٹینمنٹ کا نہیں ہے، اسٹیک ہولڈرز نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ موجودہ حالات کرکٹ کیلئے موزوں نہیں۔

پی ایس ایل کو ملتوی کردیا گیا ہے، باقی میچز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق پی ایس ایل 10 کے باقی میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جنہوں نے بھارتی جارحیت کے پیش نظر مشورہ دیا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کی توجہ اور جذبات پاکستان کی مسلح افواج کی جرأت مندانہ کوششوں کی طرف ہونے چاہئیں جو مادر وطن کی خودمختاری کا بہادری سے دفاع کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی اور تمام کھلاڑی شہداء کے اہل خانہ اور ملک کا دفاع کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔پی سی بی اپنے پارٹنرز، فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور منتظمین کی کاوشوں اور تعاون کا معترف ہے جن کی مدد سے ٹورنامنٹ اب تک بخوبی جاری رہا تاہم کرکٹ جو کہ خوشی اور اتحاد کا ذریعہ ہے، ایسے نازک وقت میں ایک باوقار توقف کا تقاضا کرتی ہے،ہم پی سی بی میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت، غیر ملکی کھلاڑیوں کے جذبات اور ان کے اہل خانہ کی تشویشات کا بھی مکمل احترام کرتے ہیں، جو چاہتے ہیں کہ ان کے عزیز محفوظ طریقے سے گھر واپس جائیں۔

اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے واضح طور پر پی ایس ایل میں خلل ڈالنے کے لیے پنڈی اسٹیڈیم کو نشانہ بنانے جیسی حرکت کی۔ ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنے کے مؤقف پر قائم رہا ہے لیکن بھارت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو نشانہ بنانےکی انتہائی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی، بھارت نے واضح طور پر پی ایس ایل میں خلل ڈالنے کے لیے ایسی حرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 10 کے باقی میچز دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، غیر ملکی کھلاڑی ہمارے مہمان ہیں، ان کا ذہنی سکون اولین ترجیح ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کو فروغ دینے کے لیے پی سی بی کوشاں ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات