ملک کے بالائی علاقوں میں شدید ٹھنڈ، اسکردو میں پارہ منفی 8ڈگری تک گرگیا

زیارت، قلعہ عبداللہ، پشین، مستونگ سمیت بلوچستان کے شمالی اضلاع میں موسم سرد اور خشک

اتوار 10 دسمبر 2023 22:20

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید ٹھنڈ، اسکردو میں پارہ منفی 8ڈگری تک گرگیا
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) ملک کے بالائی اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ملک کے شمالی علاقے اسکردو میں پارہ منفی 8ڈگری تک گرگیا جس سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔استور اور کالام میں درجہ حرارت منفی چار، گلگت میں منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک ہے، کوئٹہ میں صبح درجہ حرارت منفی 2 اور قلات میں درجہ حرارت منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت، قلعہ عبداللہ، پشین، مستونگ سمیت صوبے کے شمالی اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ وسطی اضلاع میں موسم خشک ہے۔درجہ حرارت میں کمی کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔