شیر افضل مروت کی 7 مقدمات میں ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو باجوڑ ، دیر اور نوشہرہ میں درج 7 مقدمات میں شیر افضل کو گرفتار کرنے سے روک دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 11 دسمبر 2023 15:49

شیر افضل مروت کی 7 مقدمات میں ضمانت منظور
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 دسمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شیر افضل مروت کی سات مقدمات میں ضمانت منظور کر لی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما وکیل شیر افضل مروت کی باجوڑ ، دیر اور نوشہرہ میں درج 7 مقدمات میں 20 بیس ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیر افضل مروت کی 14 روز کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ضمانت منظور کی، عدالت نے پولیس کو ان 7 مقدمات میں شیر افضل مروت کی گرفتاری سے روک دیا۔ شیر افضل مروت نے مردان میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت دائر کی تھی۔ شیر افضل مروت نے حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ کنونشن کرنے پر مردان پولیس نے مقدمہ درج کیا ۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی کہ مردان کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے تک دو ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے،درخواست میں وفاق اور مردان پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت سمیت پی ٹی آئی کے 21 مقامی رہنماں اور کارکنوں کے خلاف صوابی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ تھانہ صوابی کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ اس حوالے سے سے پولیس نے بتایا کہ پی ٹی آئی عہدیداروں اور کارکنوں نے گزشتہ ہفتے ورکرز کنونشن میں شرکت کی تھی۔

علاوہ ازیں شیر افضل مروت کے خلاف تھانہ آبپارہ میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ پیر کو مقدمہ ٹریفک میں خلل ڈالنے،ایمپلی فائر ایکٹ،دفعہ 144 سمیت این او سی کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا،مقدمہ شکرپڑیاں میں میوزیکل نائٹ پروگرام منعقد کرنے پر درج کیا گیا،پروگرام سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے منعقد کیا تھا ۔ مقدمہ متن کے مطابق پروگرام میں پاکستان اور حکومت مخالف تقاریر کی گئیں،شیر افضل مروت طلباء کو اشتعال دلاتے رہے،مقدمہ میں شہر افضل مروت سمیت 20 ملزمان کو نامزد کیا گیا،مقدمہ تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او سب انسپکٹر ناصر منظور چوہدری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔