لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیرنو شروع،230بیڈ کا نیا ہسپتال بنے گا،تقریبا-8ارب روپے لاگت آئے گی،2لاکھ50ہزار مربع فٹ پر محیط ہو گا

پیر 11 دسمبر 2023 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2023ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی ازسر نو تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔وزیراعلی محسن نقوی نے تختی کی نقاب کشائی کی اور کرین کے ذریعے ہسپتال کی پرانی عمارت کی دیوار گرا کر تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال 1930 میں قائم کیا گیا تھا۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی عمارت کو3بار خطرناک قرار دیا گیا۔

لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو ہو گی اور230 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جائے گا۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نوکے منصوبے پرتقریبا-8ارب روپے لاگت آئے گی۔ ہسپتال کی نئی عمارت 2لاکھ 50ہزار سکوائر فٹ پرمحیط ہو گی۔ہسپتال کی نئی عمارت کا ڈیزائن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے تیار کیا ہے جبکہ ایف ڈبلیو او تعمیراتی کام سرانجام دے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محسن نقوی کو لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایف ڈبلیو او کے بریگیڈئر جمال معروف،سیکرٹریز صحت، تعمیرات ومواصلات، اطلاعات،خزانہ،ہائوسنگ،کمشنر لاہورڈویژن، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسرمیو ہسپتال، ایم ایس لیڈی ولنگٹن ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی از سرنوتعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی سہولت چاہیں گے ہم ہسپتالوں کو دیں گے،ڈاکٹرز کو فکس کرنے کی بجائے اپنی کوتاہیاں سدھار رہے ہیں۔ جب تک ڈاکٹر حق حلال کماناشروع نہیں کریںگے،جب تک ڈاکٹرز تنخواہ اتنی لیں گے جتنا وہ کام کررہے ہیں،شعبہ صحت درست نہیں ہو سکتا۔

یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ 10،15دن کام نہ کریں اور تنخواہ پوری لیں،یہ حرام کی کمائی ہے،یہ حلال کی کمائی نہیں ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ آپ جو مرضی کہہ لیںاگر ہم اپنی ڈیوٹی کررہے ہیں چاہے وہ مزدور ہے،چاہے وہ سی ای او ہے،چاہے وہ سیکرٹری ہے یہ کوئی بھی ہے،اگر آپ کام کررہے ہیں تو ہی آپ کی تنخواہ حلال ہے۔ہر بندہ حلال وحرام کی بات کرتا ہے یہ ممکن نہیں کہ آپ کام نہ کریں اور تنخواہ لے لیں اور کہیں کہ یہ حق حلال کی کمائی ہے،یہ کسی صورت حق حلال کی کمائی نہیں ہے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ایسے شعبوں میں جہاں لوگوں کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے،وہاں پر آپ ڈنڈی ماریں اپنے کام میں ،یہ کسی صورت درست نہیں۔ہرپروفیشن اور زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ حرام کھانا شروع کر دیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کو حق حلال کی کمائی کھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ہم نے جو فرض سمجھا ہم کررہے ہیں،ڈاکٹرز حضرات سے یہ اپیل ہے آپ لوگ وہ کام کریں جو آپ کا فرض ہے۔

جو میرا کام ہے وہ مجھے کرنے دیں،جو آپ کا کام ہے وہ آپ کریں۔ہر ایک اگر اپنا اپنا کام کرے گا،دوسرے لوگوں کے کاموں کی فکر نہیں کرے گا،ٹھیکیدار نہیں بنے گاتو اس ملک کی ہر چیز ٹھیک ہو جائے گی۔وزیراعلی نے کہا کہ جب میں بیٹھوں گا اور کہوں گا کہ مجھے تو ان کی چیزوں کی فکر ہے جو میرے متعلق نہیں تو نتیجہ ڈیزاسٹر ہی ہو گا۔اگر ہم سب نے مل کر اس ملک کیلئے نیک نیتی سے کام کرنا ہے تو اپنا کام نیک نیتی سے اور حق حلال کی کمائی سے کریں۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ نئے ہسپتال کی تعمیر ہماری پالیسی نہیں تھی،موجودہ ہسپتالوں کو ٹھیک کرنا چاہتے تھے۔یہ نیا ہسپتال نہیں بلکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی خستہ حال بلڈنگ گرا کر عمارت بنا رہے ہیں۔20سال سے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے بیسمنٹ میں پانی کھڑا تھا اور بلڈنگ میںدارڑیںپڑ چکی تھیں۔مخدوش بلڈنگ پر پیسے لگانا فنڈز کے ضیاع کے مترادف ہے،سب نے مل کرنئی عمارت بنانے کا فیصلہ کیا۔

لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی خطرناک حالت سے جانی نقصان کا ڈر تھا۔دیرپا اور بہتر حل کیلئے پرانی بلڈنگ گرا کرسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو میں ایف ڈبلیو او اورانفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کا مرکزی کردار ہے۔آئی ڈی اے پی پر پورا پنجاب فخر کر سکتا ہے،ان کی بنائی ہوئی عمارتوں کی فنشنگ غیرملکی ماہرین کا کام لگتا ہے۔

ایف ڈبلیو او اور حکومت پنجاب کا اشتراک کار دن بدن بڑھ رہا ہے۔راولپنڈی رنگ روڈ،ایس ایل تھری اور گوجرانوالہ ایکسپریس وے پر ایف ڈبلیو اوبہتر کام کررہا ہے۔تعمیراتی معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کررہے اور نہ کریںگے۔وزیراعلی نے کہا کہ مدت تکمیل پر آگے پیچھے ہو سکتی ہے لیکن تعمیراتی معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔امید ہے ایف ڈبلیو او،محکمہ صحت اور آئی ڈی اے پی یہ پراجیکٹ جلد مکمل کروائیں گے۔

5سی6ماہ میںگوجرانوالہ ایکسپریس وے اور ایس ایل تھری کی تعمیر ناممکن لگتی تھی لیکن جنوری میں یہ دونوںپراجیکٹ مکمل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کنگ ایڈورڈکا ہسپتال ہے جو کہ پاکستان کا بہترین ادارہ ہے۔کے ای کی تمام خراب چیزیں تبدیل ہو چکی ہیں،ایک بھی پرانی چیز نہیں،اب ڈاکٹر زشکوہ نہیں کر سکتے۔اڑھائی لاکھ مربع فٹ پر 230بیڈ کاسٹیٹ آف دی آرٹ لیڈی ولنگڈن ہسپتال بنے گا۔

ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کے لئے جو ممکن ہے کررہے ہیں،سی اینڈ ڈبلیو نیک نیتی سے اپ گریڈیشن کررہا ہے۔وزیراعلی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 100ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ٹارگٹ ڈیٹ پر مکمل کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔ایف ڈبلیو او اور آئی ڈی اے پی اس پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کریں اور اس منصوبے کی تکمیل کے لئے 2برس کا وقت مقرر کیا گیا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ایف ڈبلیو او سال سوا سال میں یہ منصوبہ مکمل کر لے گا۔جب تک ہمارا وقت ہے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے اس پراجیکٹ کا وزٹ کرتے رہیں گے۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکرٹری تعمیرات ومواصلات سہیل اشرف نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔