Live Updates

آصف زرداری کا عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما پر الزام

باہر بیٹھے ہوئے ولاگرز کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی جیتے گی اور اُن ولاگرز کو جمائما پیسے دے رہی ہے، ایک لابی ہے جو ان کو سپورٹ کر رہی ہے، فنانس کر رہی ہے اور اس لابی کے کوئی اور ارادے ہیں۔سابق صدر کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 12 دسمبر 2023 12:08

آصف زرداری کا عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما پر الزام
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 دسمبر 2023ء) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما پر ولاگرز کو پیسے دینے کا الزام عائد کر دیا۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ جو لاڈلا سیاست دان جیل میں ہے، وہ ہی تو لاڈلہ ہے، اسی کو تو 30 سال میں بنایا گیا ہے، ہمیں یاد ہے کہ کس طرح حمید گل نے اسے لاؤنچ کیا تھا اور حمید گل کی لائونچنگ پر یہ جو پیسے لے رہا تھا اور لوگ اس کو بانٹ رہے تھے، یہ سارا اپ لفٹ ہے اس کو اوپر لانے کیلئے۔

انہوں نے کہا کہ پھر ان کے تعلقات ٹھیک نہیں رہے تو پھر ڈیلے ہوا، وہ ہوتا ہے نا پروجیکٹ اے پروجیکٹ بی پروجیکٹ سی، تو یہ پروجیکٹ ڈی پر چلا گیا، پھر کسی کو یاد آیا تو پروجیکٹ اے پر لے آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں تو یہ کہتا ہوں کہ مہ خانے کی توہین ہے رندوں کی ہتک ہے، کم ظرف کے ہاتھوں میں اگر جام دیا جائے۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ اس کو ملک دے دیا گیا اور اس ملک کا خانہ خراب کردیا۔

ہمیں تو اے سی پنکھا کچھ نہیں دیا گیا، انہیں تو ایکسر سائز مشین بھی دی جارہی ہے، کھانے بھی گھر سے آرہے ہیں، ججز اس کو سہولت فراہم کر رہے ہیں، پریزیڈنٹ آف پاکستان آرہا ہے بکتر بند گاڑی میں اور یہ جعلی پرائم منسٹر آرہا ہے مرسڈیز میں کیوں بھئی، لاڈکہ کیسے نہیں ہوا پھر، میرے بھی جیل ٹرائل ہوئے، اس وقت سوشل میڈیا نہیں تھا۔ آصف زرداری نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی کو لانا سازش تھی، لوگ سربراہ پی ٹی آئی کو 2035 تک لے جانا چاہتے تھے، عمران خان کو نا ہٹاتے تو ملک ڈیفالٹ کرچکا ہوتا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ باہر جو ہمارے پاکستانی بیٹھے ہیں ان پر دوسری قوموں کا بھی اثر ہے، وہاں سے وہ بہکائے ہوئے ہیں، وہ سمجھ نہیں رہے کہ یہاں کیا عالم ہے، پولز پر ایک رپورٹ نکلتی ہے اور وہ کہتے ہیں وہ(عمران خان)بہت پاپولر ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ باہر بیٹھے ہوئے ولاگرز کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی جیتے گی، ان ولاگرز کو پیسے دے رہی ہے جمائما، سادہ سی بات یہ ہے کہ ایک لابی ہے جو ان کو سپورٹ کر رہی ہے، فنانس کر رہی ہے اور اس لابی کےکوئی اور ارادے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات