سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کو جس طرح شہید کیا گیا وہ ناقابل بیان ہے،صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی

ہفتہ 16 دسمبر 2023 23:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2023ء) نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کو جس طرح شہید کیا گیا وہ ناقابل بیان ہے،آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشتگردوں کا صفا یا کیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ایک مرتبہ پھر دہشتگرد گروپس متحرک ہورہے ہیں اوربے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاہم دہشتگردوں کی اسطرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک پوری قوم پاک فوج اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ملک کے وسیع ترمفاد میں غیرملکیوں کو واپس اپنے اپنے ممالک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں نگران حکومت نے 1لاکھ 70ہزارمشتبہ افراد کے شناختی کارڈز بلاک کر دیئے ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم اور ڈالر کی قیمت میں بتدریج کمی ہورہی ہے جو قابل تحسین ہے۔