نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کے ساتھ ٹکراؤ سے گریز کیا، عرفان صدیقی

نواز شریف نے ماضی میں ڈیل کی ہوتی تو جلاوطن نہ ہوتے، اقتدار میں رہتے، لیگی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 17 دسمبر 2023 00:50

نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کے ساتھ ٹکراؤ سے گریز کیا، عرفان صدیقی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 دسمبر2023ء) سینئر لیگی رہنما عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کے ساتھ ٹکراؤ سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ماضی میں ڈیل کی ہوتی تو جلاوطن نہ ہوتے، اقتدار میں رہتے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج جس صورتحال سے دوچار ہیں وہ خود ان کی پیدا کردہ ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہم نے کچھ نہیں کیا۔

عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع بانی پی ٹی آئی نے دی تھی، جنرل راحیل شریف نہیں چاہتے تھے کہ پرویز مشرف کا ٹرائل ہو، مشرف کا جب ٹرائل شروع ہوا تو راحیل شریف نواز شریف سے ناراض تھے۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جنرل (ر) راحیل شریف توسیع کیلئے بے تاب تھے، انہوں نے توسیع کی بات خود نواز شریف سے کی، ایک شخص کے ذریعے راحیل شریف نے نواز شریف کو پیغام پہنچایا جلدی کریں وقت بہت کم ہے، راحیل شریف نے یہ بھی کہا کہ توسیع کر دیں پاناما جانے اور میں جانوں، نواز شریف نے راحیل شریف کو پیغام پہنچایا توسیع نہیں ملے گی میں پاناما بھگت لوں گا۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘کا نعرہ پہلی بار میں نے ہی متعارف کروایا تھا، ووٹ کو عزت دینا ہمارے آئین کا تقاضا ہے، ن لیگ کا’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا بیانیہ آج بھی موجود ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ 16 ماہ کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، یہ بہت بڑا کارنامہ تھا، پارٹی میں یہ سوچ ہے کہ نواز شریف ہی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں، بلاول ہونہار نوجوان ہے، لیکن 80 سال پہلے کی سیاست کر رہے ہیں، بلاول کے برعکس جو 80 سال والے ہیں وہ آج کی سیاست کر رہے ہیں۔