نواز شریف کا این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

قائد ن لیگ نواز شریف نے این اے 15 سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 20 دسمبر 2023 13:41

نواز شریف کا این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 دسمبر 2023ء ) قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ نواز شریف نے این اے 15 سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے۔ سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے بھی این اے 14 مانسہرہ سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔سردار محمد یوسف نے این اے 14 مانسہرہ سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی باضابطہ اجازت دی۔اس حوالے سے پارٹی اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے پر پارٹی ٹکٹ کے خواہش مندوں کو کاغذات جمع کرانے کی اجازت دی گئی۔

(جاری ہے)

ہر امیدوار کو 22 دسمبر تک پارٹی کے متعلقہ ضلعی صدر کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پارٹی ٹکٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں گے، پارٹی کے نامزد امیدوار کی حمایت کریں گے۔ امیدوار متعلقہ ریٹرنگ افسران کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔ پارٹی صدر نے ہدایت کی کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کو پارٹی کے متعلقہ ضلعی صدر کو 22 دسمبر تک حلف نامہ جمع کرانا ہو گا، حلف نامے کے مطابق پارٹی ٹکٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے ۔

ٹکٹ نہ ملنے والے امیدوار حلف نامے کے مطابق حلقے میں پارٹی کے نامزد کردہ امیدوار کی بھرپور حمایت کریں گے۔ مرکزی پارلیمانی بورڈ نے ملک بھر سے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست دینے والے امیدواروں کے ناموں پر غور مکمل کرلیا ۔ پارٹی قیادت حلقہ وار امیدواروں، مخصوص نشستوں پر ناموں کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ حتمی فیصلے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔