چاہت فتح علی خان کا بھی الیکشن لڑنے کا اعلان

چاہتا ہوں میں اپنے لوگوں میں رہ کر ان کی خدمت کروں، چاہت فتح علی خان نے لاہور کے حلقہ این اے 128 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 25 دسمبر 2023 12:14

چاہت فتح علی خان کا بھی الیکشن لڑنے کا اعلان
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 دسمبر 2023ء ) معروف سوشل میڈیا سٹار چاہت فتح علی خان نے بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔چاہت فتح علی خان نے لاہور کے حلقہ این اے 128 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔چاہت فتح علی خان نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ وہ این اے 128 سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور کل ہی اپنے کاغذات جمع کروائے۔ چاہت فتح علی خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں میں اپنے لوگوں میں رہ کر ان کی خدمت کروں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے۔حلقہ این اے 128 سے سلمان اکرم راجہ، شفقت محمود، حافظ نعمان سمیت دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
جبکہ معروف ٹک ٹاکر صندل خٹک نے بھی انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاکر صندل خٹک نے صوبہ خیبرپختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ مجھے عوام کی حمایت حاصل ہے، جیت کر اپنے علاقے کی بہتری کے لیے کام کروں گی، تاہم کس سیاسی جماعت سے وابستہ ہوں وہ ابھی نہیں بتا سکتی۔

صندل خٹک کہتی ہیں کہ خواتین کو بااختیار بنانا میرا مقصد ہوگا، اس کے علاوہ میرے آبائی علاقے میں مسائل بھی ہیں جن کے حل کے لیے انتخابی میدان میں نکلی ہوں، ہمارے علاقے میں سڑکیں ادھوری بنا کر چھوڑی دی گئی ہیں، گیس ہمارے علاقے کی ہے لیکن ہمیں ہی گیس نہیں ملتی، علاقہ مکینوں کو گیس، بجلی اور پانی کے مسائل کا سامنا ہے، جن کو حل کروں گی۔

بتاتے چلیں کہ ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے، گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کی تھی، الیکشن کمیشن کے نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی، ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہوگی۔