رکن اسمبلی بن کر وہ کام کروں گی جو اب تک کسی نے نہیں کیے،صندل خٹک

بدھ 27 دسمبر 2023 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 دسمبر2023ء) معروف ٹک ٹاکر صندل خٹک نے خیبرپختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ میڈیا سے گفتگومیں صندل خٹک نے کہاکہ کس سیاسی جماعت سے وابستہ ہوں ابھی نہیں بتا سکتی، میرے آبائی علاقے میں مسائل ہیں ان کے حل کے لیے میدان میں نکلی ہوں۔ٹک ٹاکر نے کہاکہ خواتین کو بااختیار بنانا میرا مقصد ہوگا، گیس ہمارے علاقے کی ہے لیکن ہمیں گیس نہیں ملتی، خواتین کو گیس، بجلی اور پانی کے مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارے علاقے میں سڑکیں ادھوری بنا کر چھوڑی دی گئی ہیں، مجھے عوام کی حمایت حاصل ہے، جیت کر اپنے علاقے کی بہتری کے لیے کام کروں گی۔صندل خٹک نے کہا کہ جلد ہی بتا دیں گی کہ کس جماعت کی جانب سے سیاست کا آغاز کریں گی۔صندل خٹک نے کہا کہ مخصوص نشست پر اگر اسمبلی کا حصہ بنی تو کرک کے مسائل حل کروں گی۔ خاص طور پر کرک کی خواتین کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ان پر توجہ دوں گی۔صندل خٹک نے کہا کہ اپنے علاقے میں گیس بجلی اور پانی کے مسائل بھی حل کروں گی اور یہاں پر وہ کام کروں گی جو اب سے پہلے کسی نے نہیں کیے ہیں۔