پیپلز پارٹی شہیدوں، مزدور اور کسانوں کی جماعت ہے،سید سلیم شاہ

جمعرات 28 دسمبر 2023 13:15

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قومی اسمبلی این اے 17 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 45 سید سلیم شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہیدوں، مزدور اور کسانوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں، بے نظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کی جو جدوجہد شروع کی ہے ان کے مشن کو آگے لیکر جا رہے ہیں۔

یہاں پیپلز پارٹی ڈویژنل سیکرٹریٹ میں انتخابی مہم شروع کرنے سے متعلق پہلے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈویژنل صدر ملک فاروق، امیدوار صوبائی اسمبلی پی کے 42 سید جعفر شاہ، امیدوار این اے 15 زرگل خان، امیدوار پی کے 47 افتخار عباسی، امیدوار این اے 18 زوال نقوی، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سرفراز خان، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ناہید گل عباسی اور افتخار خان پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صدر سید ذوالقرنین شاہ نے موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو دنیا کی عظیم لیڈر تھیں جنہوں نے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی، ہم ان کے پیروکار ہیں اور ان کا مشن پورا کریں گے، ذوالفقار علی بھٹو شہید نے جان کی قربانی دی اور رہتی دنیا تک امر ہو گئے، وہ عوام کو مضبوط بنانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے حوالہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے، تمام امیدوار یکسوئی سے مہم چلائیں، کامیابی ہمارا مقدر ہو گی، ملک لوٹنے اور اسے تباہی کے دہانے پہنچانے والوں کو عوام 8 فروری کو مسترد کر دیں گے۔ تقریب میں ڈویژن بھر سے کارکنان و عہدیداران کثیر تعداد میں شریک ہوئے جبکہ نوجوانوں و بزرگوں سمیت خواتین کی بھی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔