Live Updates

اس وقت آصف زرداری اور عمران خان کے ستارے اچھے ہیں

حالات اور ستاروں کے اعتبار سے اس وقت کنگ میکر پیپلز پارٹی ہی ہے، آنے والے دنوں میں چیزیں آزادانہ طریقے سے چلنا شروع ہو جائیں گی۔سابق رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 28 دسمبر 2023 16:56

اس وقت آصف زرداری اور عمران خان کے ستارے اچھے ہیں
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 دسمبر 2023ء ) سابق رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کا کہنا ہے اگر آٹھ فروری کو انتخابات ہوئے تو لیڈنگ رول آصف زرداری کا ہوگا۔انہوں نے اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تھنک ٹینک کا حصہ رہا ہوں۔ پلان اے ،بی اور سی ہوتا ہے۔اس وقت ن لیگ کا لیڈنگ رول نہیں دیکھ رہا اس وقت آصف زرداری اور عمران خان کے ستارے اچھے ہیں اور اگر آٹھ فروری کو انتخابات ہوئے تو لیڈنگ رول آصف زرداری کا ہوگا۔

رمیش کمار نے کہا حالات اور ستاروں کے اعتبار سے اس وقت کنگ میکر پیپلز پارٹی ہی ہے، آنے والے دنوں میں چیزیں آزادانہ طریقے سے چلنا شروع ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے جھگڑے کا فائدہ پیپلز پارٹی کا ہوگا ۔سندھ اور بلوچستان دونوں صوبوں میں جیت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی مصالحت اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتی ہے۔

جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی میں سینیئر سیاست دانوں کی شمولیت کا بھی سلسلہ جاری ہے۔عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ناراض رہنما عدنان جلیل نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔عدنان جلیل اسی ہفتے سابق صدرآصف علی زرداری سے ملاقات میں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے۔عدنان جلیل نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں اس حوالے سے بتایا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے پیار اور عزت دی۔

انہوںنے کہاکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے پیار کے سبب پی پی میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔عدنان جلیل نے کہا کہ وزارت کے دوران ایمل ولی نے کرپٹ افسر کو سپورٹ کرنے کا کہا جس پر انکار کیا۔ناراض اے این پی رہنما نے کہا کہ کرپٹ افسر کو سپورٹ سے انکار پر پارٹی قیادت خفا ہوئی اور وزارت سے ہٹا دیا گیا تھا۔عدنان جلیل نے پی کے 81 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔واضح رہے کہ عدنان جلیل خیبر پختون خوا کی نگراں حکومت میں وزیر صنعت تھے جنہیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔اے این پی مرحوم رہنما حاجی عدیل کے بیٹے عدنان جلیل کو منانے کے لیے جرگے کے ارکان کو بھیج چکی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات