سینئر رہنماء پی ایس پی انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

دونوں رہنماؤں کا پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت پر اعتماد کا اظہار، آصف زرداری کا ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 دسمبر 2023 18:21

سینئر رہنماء پی ایس پی انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون کا پیپلزپارٹی میں شمولیت ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 دسمبر 2023ء) پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنماء انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون نے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد ایم کیوایم کے سینئر رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شامل ہوگئے، صدر آصف علی زرداری نے انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کو پی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے سابق رہنماؤں انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کے درمیان شہرِقائد کی ترقی، خوش حالی، قیام امن اور مفاہمتی ماحول کے فروغ کے حوالے سے چارٹر آف کراچی پر بھی تبادلہ خیال ہوا، صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا چارٹر آف کراچی شہر قائد کے مستقبل پر دوررس اثرات مرتب کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی والوں کی جماعت ہے، ہم کراچی والوں کے ساتھ مل کر کراچی کی ان روشنیوں کو بحال کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں جنہیں امن کے دشمنوں اور نفرت کے سوداگروں نے چھین لیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ شہرِقائد کے باسیوں کے ووٹوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کو وفاق میں اقتدار ملنا اس بات کے مترادف ہوگا کہ کراچی والوں کی منتخب جماعت پہلی بار وفاق پر حکومت کرے گی، صدر آصف علی زرداری نے کراچی کے مستقبل کو دبئی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے کراچی میں سرمایہ کاری آئے اور کراچی دبئی کی طرز پر ایک ایسا معاشی حب بنے جس سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ اہم جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو بھی اس شہر سے فائدہ ہو، اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے 10 نکاتی ایجنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر کراچی سمیت ملک کے ہر شہر اور قصبے کے لئے ایسے فلاحی منصوبے لائیں گے جن سے اس بدترین مہنگائی کے دور میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔