مولانا فضل الرحمن اور افواج پاکستان کا دشمن ایک ہی ہے، دونوں آئین کیساتھ کھڑے ہیں ، راشد سومرو

پیر 1 جنوری 2024 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2024ء) جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد سومرو نے 31دسمبر کو رات میں مولانا فضل الرحمن کی گاڑیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن اورافواج پاکستان مسلسل دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں، کیوں کہ دونوں آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک و قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمن کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی اجلاس میں رہنماں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مولانا عبدالکریم عابد، قاری عثمان ، مولانا ناصر سومرو ، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، مولانا سید حماد اللہ شاہ، سید اکبر شاہ ہاشمی ، مولانا نورالحق،مولانا احسان اللہ ٹکروی، مفتی عبدالحق عثمانی، مولانا زرین شاہ ، مفتی محمد خالد، فاروق سید و دیگر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جے یو آئی عام انتخابات کے اپنی مہم کو تیز تر بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں خود بلاول بھٹو کا مقابلہ کر رہا ہوں، 08فروری کو پندرہ سالہ فسطائیت کے نظام کا سورج غروب ہوگا۔مولانا راشد محمود سومرو کراچی کے پارٹی رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جییوآئی امیدواران اپنی انتخابی مہم تیز کردیں، سندھ میں جییوآئی متبادل قوت کے طور پر سامنے آئے گی، دیہی اور شہری سندھ کے مسائل کا حل جے یوآئی کی اولین ترجیح ہے، سندھ کی محرومیوں کا ازاکریں گے، عوام سے اپیل ہے کہ علما ، دیانتدار اور صالح قیادت کو ووٹ دیں ۔

عام انتخابات میں اتحاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف حلقوں پر ہم خیال سیاسی جماعتوں سے اتحاد کریں گے، جے یوآئی نے ہمیشہ تمام جماعتوں سے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے ہیں۔