نیب سزا یافتہ کی نااہلی پانچ سال کرنے کے فیصلے کو فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی مرکزی اپیل چار جنوری کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 2 جنوری 2024 13:28

نیب سزا یافتہ کی نااہلی پانچ سال کرنے کے فیصلے کو فوری معطل کرنے کی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 جنوری 2024ء ) نیب سزا یافتہ کی دس سالہ نااہلی کم کرکے پانچ سال کرنے کے فیصلے کو فوری معطل کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب سے سزا یافتہ کی دس سالہ نااہلی کم کرکے پانچ سال کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ نیب کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے فوری ریلیف نا مل سکا ۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سماعت کی ۔

سینئر اسپیشل پراسیکیوٹر نیب محمد رافع عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ پرسوں مرکزی اپیل کے ساتھ یہ متفرق سنیں گے پھر دیکھیں گے۔ نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ فائق علی جمالی کے خلاف بلوچستان میں 9 ریفرنسز میں فیصلہ ہوا ، ابھی الیکشن کمیشن کے معاملات چل رہے ہیں ان میں سنگل بنچ کا فیصلہ پیش کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ آپ نے متفرق درخواست کیوں دائر کی ؟ بغیر اپیل کے نوٹس ہوئے کیسے آپ کی یہ متفرق قابل سماعت ہے ؟ ، نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ الیکشن کاغذات نامزدگی اپیل دائر کرنے کی کل آخری تاریخ ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ وہ ہمارا معاملہ نہیں ہم اس کے پابند نہیں ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی مرکزی اپیل چار جنوری کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

نیب نے سزا یافتہ افراد کی نااہلی کی مدت 10 سال کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ پیر کو چیئرمین نیب نے سنگل بینچ کے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا کی تھی، اپیل میں کہا گیا تھا کہ نیب سے سزا یافتہ افراد الیکشن لڑنے کے لیے ہائی کورٹ سنگل بینچ کے فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں ، جون میں سنگل بینچ نے نیب کی نااہلی کی مدت 10 کی بجائے 5 سال کر دی تھی۔