الیکشن ٹربیونل نے غلام مصطفی کھر کی این اے 180 سے الیکشن لڑنے کی اپیل منظور کر لی

جمعہ 5 جنوری 2024 20:03

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2024ء) لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں قائم الیکشن ٹریبونل نے سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کی این اے 180 کوٹ ادو سے الیکشن لڑنے کیلئے دائر اپیل منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں قائم الیکشن ٹریبونلز میں ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کے خلاف امیدواروں کی جانب سے دائرمختلف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔

الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس علی ضیا باجوہ نے این اے 180 کے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے غلام مصطفی کھر اور ان کی اہلیہ ایونیہ مصطفٰی کھر کے کاغذات نامزدگی کی اپیل منظور کرکے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔ علاوہ ازیں جسٹس محمد سرفراز ڈوگر نے آزاد امیدوار عمران شوکت کی قومی اور صوبائی حلقہ سے الیکشن لڑنے کی دونوں اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں این اے 152 اور پی پی 221 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹربیونل نے ایک اور امیدوار چوہدری اختر مقبول جن کا تعلق کرور لال عیسن، ضلع لیہ سے ہے کے کاغذات نامزدگی کیلئے دائر اپیل منظور کر لی ۔ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے 23 اپیلوں پر جبکہ جسٹس علی ضیا باجوہ نے 47 اپیلوں پر سماعت کی۔ ملتان اپیلیٹ ٹربیونلز میں ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف پاکپتن، ساہیوال وہاڑی، لودھراں، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان اور چیچہ وطنی سمیت دیگر مختلف حلقوں کے امیدواران کی جانب سے 219 اپیلیں دائر کی گئی ہیں ،جن پر سماعت کے بعد فیصلے سنائے جا رہے ہیں۔