لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کی مختلف حلقوں کے امیدواروں کی اپیلوں پر کارروائی

پیر 8 جنوری 2024 22:22

لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کی مختلف حلقوں کے امیدواروں کی اپیلوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے مختلف حلقوں کے امیدواروں کے اپیلوں پر کارروائی کی اپیلٹ ٹربیونل نے پی پی55 سے ارسلان حفیظ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے آر او کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔جسٹس شکیل احمد نے بطور اپیلٹ ٹربیونل سماعت کی،درخواست میں بتایا گیا کہ ارسلان حفیظ پی پی 55 سے امیدوار ہیں،استدعا ہے کہ کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے اور کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔

اپیلٹ ٹریبونل نے پی پی150 سے پی ٹی آئی کے امیدوار عباد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

(جاری ہے)

اپیلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے عباد فاروق کی اپیل مسترد کردی،ان کے خلاف اعتراض کنندہ نے ریٹرننگ افسر کے روبرو اعتراض عائد کیا تھا کہ عباد فاروق نے کاغذات نامزدگی میں اپنے نام پر گاڑی کو چھپایا،اس لئے یہ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں رہے،استدعا ہے کہ ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں،اپیلٹ ٹریبونل نے حلقہ پی پی 160 سے عمارہ علی جان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے،اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے اپیل منظور کی۔

اپیل میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آر او نے کاغذات نامزدگی قانون کے منافی مسترد کیے جبکہ آر او کے روبرو درست بیان حلفی جمع کرا دیا ہے،الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بیان حلفی درست نہ دینے پر آر او نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔اپیلٹ ٹریبونل نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد آر او کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل کنندہ کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم دے دیا ۔

اپیلٹ ٹریبونل نے قصور کے این اے 133 سے سردار ہارون احمد علی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے اور آر او کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا،اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے اپیل منظور کی۔اپیل کنندہ نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ آر او نے کاغذات نامزدگی قانون کے منافی مسترد کیے، استدعا ہے کہ کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم دیا جائے ۔