پنجاب یونیورسٹی میں ترکیہ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے 75 سال کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 10 جنوری 2024 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2024ء) ترکیہ کے قونصل جنرل لاہور درمش باشتگ نے کہاہے پاکستان کے ساتھ 75سال سے بہترین روابط قائم ہیں اور مشکل وقت میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ،ترکیہ اور پاکستان کے مابین تجارتی و ثقافتی تعلقات مزید فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹرکے زیر اہتمام ترکیہ کے 100سال اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کے 75 سال کے حوالے سے منعقدہ سمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، صدر رجب طیب اردوان کے مترجم ترکیہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر فرقان حمید، ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سنٹر ڈاکٹر نعمانہ کرن، ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امجد عباس مگسی، تاریخ دان، فیکلٹی ممبران اور طلباطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں درمش باشتگ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دو الگ ریاستیں ہیں مگر عوام کا دل ایک ہے،دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ہمیشہ ایک دوسرے کاہر سطح پر ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صدر طیب رجب اردوان نے ہر فورم پر کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی،ہم پاکستان میں تعلیم سمیت ترکیہ زبان اورکلچر کے فروغ کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں،پاکستان اور ترکیہ کے مابین روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کی عوام صدیوں پرانے تعلقات کی حساسیت سے بخوبی واقف ہیں،پاکستان کی معیشت میں استحکام کے لئے ترکیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے،دونوں ممالک کی جامعات اعلی تعلیم کی ترقی کیلئے مل کر کئی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

اپنے کلیدی لیکچر میں ڈاکٹر فرقان حمید نے کہا کہ پاکستان بننے سے پہلے بھی برصغیر کے مسلمانوں نے تحریک خلافت میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2005کے زلزلے اور 2010کے سیلاب میں ترکیہ کی حکومت اور عوام نے پاکستان کی بھرپور مدد کی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین سمیت مسلمانوں پر ظلم کے خلاف دونوں ممالک ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور محمد عاکف نے مسلمانوں کی ترقی کے لئے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر نعمانہ کرن نے شرکا کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار کے انعقاد کا مقصد طلبا کو جدید ترکیہ کے سو سال مکمل ہونے اور پاکستان سے 75سالہ تعلقات بارے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی امت مسلمہ کیلئے امید کا استعارہ ہے،ترکیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے لوگوں کو بہت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے معزز مہمانوں کو سووینئرز پیش کئے۔