شاہ محمود قریشی کی کاغذات مسترد ہونے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج درخواست پر سماعت کرے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 جنوری 2024 10:32

شاہ محمود قریشی کی کاغذات مسترد ہونے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جنوری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ لاہور ہوئی کورٹ نے شاہ محمود قریشی کی 3 حلقوں سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے جہاں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج درخواست پر سماعت کرے گا، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے این اے 150,این اے 151 اور پی پی 218 مسترد ہوئے، ٹریبونل اور ریٹرننگ افسران نے قانون کے منافی کاغذات مسترد کیے۔

بتایا جارہا ہے کہ شاہ محمود قریشی اپنے آبائی حلقے ملتان سے ہر صورت الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، تاہم ریٹرننگ افسر کے بعد ایپلٹ ٹریبونل نے بھی پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے جس کے بعد وہ الیکشن لڑنے کیلئے نااہل ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ملتان کے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے اپیلوں پر فیصلہ سنایا جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی آر او کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی، شاہ محمود قریشی کی جانب سے این اے 150 ، 151 اور پی پی 218 ، پی پی 219 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی اپیلیں دائرکی گئی تھیں جنہیں ٹریبونل نے مسترد کردیا۔

ادھر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے این اے 214 تھر پارکر سے بھی کاغذات جمع کروائے جو منظور کرلیے گئے، اسی حلقہ سے ان کے صاحبزادے زین قریشی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوچکے ہیں جب کہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، حلیم عادل شیخ نے این اے 238 سے کاغذات نامزگی جمع کروائے تھے، پی ٹی آئی کے ارسلان خالد کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، ارسلان خالد نے این اے 241 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل نے فردوس شمیم نقوی کی اپیل منظور کرلی، فردوس شمیم نقوی این اے 236 سے ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے۔