سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ دیا

سمیرا ملک نے اپنا استعفیٰ مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کو بھجوا دیا

muhammad ali محمد علی پیر 15 جنوری 2024 20:33

سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری 2024ء) سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی نائب صدارت سے استعفی دے دیا۔ سمیرا ملک نے اپنا استعفیٰ مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کو بھجوا دیا، ایک لائن کے استعفیٰ میں عہدہ چھوڑنے کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے پارٹی ممبر شپ بھی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ یاد رہے کہ سمیرا ملک نے این اے 87 کے ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تھا لیکن پارٹی قیادت نے این اے 87 کا ٹکٹ شاکر بشیر اعوان کو جاری کر دیا جس پر سمیرا ملک نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب شاہد خاقان عباسی کے بعد نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب راجہ عتیق سرور بھی مستعفی ہوگئے، راجہ عتیق سرور نے کہا کہ پارٹی نے خود دعوت دی کہ شاہد خاقان عباسی اور سردار مہتاب کے ساتھ جاؤں۔

(جاری ہے)

راجہ عتیق سرور نے کہا کہ پی پی 6 کا ٹکٹ پی پی 7 کو دینا مری اور کوٹلی ستیاں کے عوام کی توہین ہے۔ جبکہ ناروال سے دانیال عزیز بھی پارٹی کے خلاف ہو گئے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے اعلان کیا ہے کہ احسن اقبال کو بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر ہرجانے کا نوٹس جاری کروں گا۔جیو نیوز کے مطابق دانیال عزیز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی اڈاے نہیں چلاتا نہ ٹرانسپورٹ کا کبھی کام کیا۔

انہوں نے کہا احسن اقبال ثابت کریں کہ میں نے پی ٹی آئی کا ٹکٹ اپلائی کیا،سوشل میڈیا پر کردار کشی کیسے کر سکتا ہوں؟میرا اکاؤنٹ عرصے سے اِن ایکٹو ہوں۔مختلف جماعتوں نے مجھ سے رابطہ کیا لیکن میں نے انکار کیا۔میرے جاری سوئی گیس کے منصوبوں کو کس نے روکا؟۔میری بیماری میں مدد کا مطلب یہ نہیں کہ سیاسی فائدہ اٹھایا جائے۔احسن اقبال نے قیادت کو میرے خلاف نوٹس جاری کرنے پر مجبور کیا۔بے بنیاد الزام لگانے پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو ہرجانے کا نوٹس بھیجوں گا۔