خلیجی ملک کی کرنسی دنیا کی سب سے طاقتور کرنسی قرار

کویت، بحرین اور عمان کی کرنسیاں دنیا کی سب سے مضبوط کرنسیاں قرار، فہرست میں امریکی ڈالر کو 10 واں نمبر مل گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 جنوری 2024 00:19

خلیجی ملک کی کرنسی دنیا کی سب سے طاقتور کرنسی قرار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری2024ء) خلیجی ملک کی کرنسی دنیا کی سب سے طاقتور کرنسی قرار، کویت، بحرین اور عمان کی کرنسیاں دنیا کی سب سے مضبوط کرنسیاں قرار، فہرست میں امریکی ڈالر کو 10 واں نمبر مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف امریکی جریدے فوربز دنیا میں اس وقت 10 سب سے مضبوط ترین کرنسیوں کی فہرست جاری کی ہے، جس کے مطابق دنیا بھر میں تجارت کیلئے سب سے زیادہ استعمال کرنے والی کرنسی امریکی ڈالر کئی چھوٹے ممالک کی کرنسیوں سے کمزور قرار دیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں استعمال ہونے والی 10 طاقتور ترین کرنسیوں کی فہرست میں فوربز نے امریکی ڈالر کو طاقتور ترین کرنسیوں کی فہرست میں 10واں نمبر دیا ہے۔ فوربز کی جانب سے جاری کی گئی اس تازہ ترین رینکنگ میں خلیجی ملک کویت کا کویتی دینار دنیا کی سب سے طاقتور کرنسی قرار دیا گیا ہے، جس کی مالیت 3 اعشاریہ 25 ڈالر کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

دوسرا نمبر بحرینی دینار کا ہے جس کی مالیت 2 اعشاریہ 65 ڈالر ہے۔

عمانی ریال 2 اعشاریہ 60 ڈالر کے ساتھ تیسرے، اردنی دینار 1 اعشاریہ 41 ڈالر کے ساتھ چوتھے، جبرلارٹر اور برطانوی پائونڈ 1 اعشاریہ 27 ڈالر کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہا۔ ساتواں نمبر کیمین آئی لینڈ ڈالر کا ہے جس کی مالیت 1 اعشاریہ 20 ڈالر ہے۔ سوئٹزرلینڈ کا فرینک 1 اعشاریہ 17 ڈالر مالیت کے ساتھ آٹھویں جبکہ یورو 1 اعشاریہ نو ڈالر مالیت کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

اس کے بعد امریکی ڈالر کا 10واں نمبررہا۔ فوربز کی رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ اقوام متحدہ میں 180 کرنسیوں کو قانونی حیثیت حاصل ہے لیکن کسی بھی کرنسی کی مقبولیت یا اس کا زیادہ استعمال اس کے مستحکم ہونے کی علامت نہیں ہے۔ امریکی ڈالر دنیا میں بہت زیادہ استعمال ہونے والی اور اکثر بنیادی ریزرو کرنسی شمار ہوتی ہے لیکن کئی وجوہات کی بنا پر طاقتور ہونے کے اعتبار سے یہ کئی ممالک کی کرنسیوں کے مقابلے میں کم طاقتور قرار دیا گیا ہے۔