آئی ایم ایف سے قسط ملنے کے بعد بڑی غیرملکی سرمایہ کاری جلد متوقع

مارچ سے پہلے دوست ممالک سے 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 جنوری 2024 14:14

آئی ایم ایف سے قسط ملنے کے بعد بڑی غیرملکی سرمایہ کاری جلد متوقع
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2024ء ) عالمی مالیاتی ادارے ’آئی ایم ایف‘ سے دوسری قسط کے اجراء کلے بعد اب بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری جلد متوقع ہے اور مارچ سے پہلے دوست ممالک سے 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی جائے گی، متحدہ عرب امارات کے ساتھ 3 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پا چکا ہے، دبئی کی لاجسٹک کمپنی ڈی پی ورلڈ کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پایا ہے، ڈی پی ورلڈ ریلوے، اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ کویتی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، کویتی کمپنی نے مائننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، سرمایہ کاری کے لیے کمپنی کے ساتھ فنڈ قائم کرنے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، کویتی کمپنی رینیوایبل انرجی میں استعمال ہونے والی دھاتوں کی مائننگ کرے گی۔

(جاری ہے)

ادھرعالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی معیشت بارے رپورٹ میں کہا ہے کہ حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر 4.5 سے بڑھ کر 8.2 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، رواں مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 فیصد رہنے کا امکان ہے، پاکستان نے ڈالر کی سمگلنگ کی روک تھام کو سرحدوں پر کنٹرول کیا، رواں مالی سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 7.6 فیصد رہنے کا امکان ہے اور رواں مالی سال کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک رہ سکتا ہے، پاکستان کو توانائی کے شعبے میں تاحال اصلاحات کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبہ 5.1 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے، رواں مالی سال محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کے 12.5 فیصد رہ سکتی ہیں، رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کی توقع ہے، گزشتہ مالی سال بے روزگاری کی شرح 8.5 فیصد تھی، صنعتی شعبہ مشکلات کا شکار ہے جس کی شرح نمو محض 2.5 فیصد ہے۔