پاکستان اور قطر کے درمیان قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے معاہدوں پر دستخط

پیر 22 جنوری 2024 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2024ء) پاکستان اور قطر کے درمیان قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے ایک تاریخی اقدام میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے قطر کا کامیاب سرکاری دورہ کیاجس کے نتیجے میں قطر کی اہم کومپںیز کے ساتھ متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

اس اقدام سے قطر میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔معاہدوں پر دستخط کرنے والے معروف قطری میں قطری دیار-سعودی بن لادن گروپ کنسٹرکشن (QD-SBG)، حماد بن خالد کنٹریکٹنگ کمپنی W.L.L (HBK)، علی بن علی ہولڈنگ W.L.L، شیخ جابر بن منصور بن جبور بن جاسم ال شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تھانی (جے ایم جی) ہولڈنگ، تبیب کیئر میڈیکل سروسز، اور الرونق انٹرنیشنل کمرشل پروجیکٹس شامل ہیں،یہ معاہدے انسانی وسائل کی ترقی کے میدان میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہے،ان معاہدوں کے علاوہ، معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے القمرہ ہولڈنگ کے چیئرمین حمد صالح القمرہ کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی جس میں کمپنی کے مختلف منصوبوں کے لیے پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس دورے میں ایلیگانشیا ہیلتھ کیئر ہسپتال کا دورہ بھی شامل تھا جہاں ایلیگانشیا ہیلتھ کیئر اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن آف پاکستان (OEC) کے درمیان حالیہ ایم او یو کے بعد پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کی بھرتی جاری ہے۔ان اقدامات کا بنیادی مقصد قطر میں پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ معاون خصوصی نے افرادی قوت کے ایک اہم برآمد کنندہ کے طور پر پاکستان کی صلاحیت کو اجاگر کیا اور معیاری بھرتی کرنے والی ایجنسیوں، ہنر کی ترقی اور غیر ملکی آجروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے ذریعے اس عمل کو ہموار کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو تفصیل سے بتایا۔

قطری کمپنیوں کے سی ای اوز نے پاکستانی افرادی قوت پر اطمینان کا اظہار کیا اور قطر کے حکومتی ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی کمپنیوں میں پاکستانی افرادی قوت بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی۔ ملاقاتوں میں قطر کی اہم بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بعد خدمات، دیکھ بھال، مہمان نوازی اور تعمیرات جیسے شعبوں میں ہنر مند لیبر کی بڑھتی ہوئی مانگ پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی، جواد سہراب ملک نے اپنے تین روزہ دورے کے دوران قطر کے وزیر محنت، وزیر داخلہ اور وزیر تعلیم سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔یہ معاہدے اور بات چیت قطر میں پاکستانی افرادی قوت کی موجودگی کو بڑھانے، باہمی اقتصادی ترقی اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی راہ ہموار کرنے میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتی ہے۔