پیپلزپارٹی منشور میں ملک کے تمام مسائل کا حل موجود ہے، منتخب ہوکر پسماندگی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوشش کروں گا، عبدالقادر بلوچ

پیر 22 جنوری 2024 22:30

خاران 22 جنوری (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2024ء) پیپلز پارٹی کے حلقہ این اے 260 سے نامزد امیدوار جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے منشور میں ملک کے تمام مسائل کا حل موجود ہے، رخشان میں یونیورسٹی، ٹیکنیکل کالج، ڈیمزسمیت بجلی کی فراہمی میری ترجیحات میں شامل ہیں، علاقے کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے بھرپور کوشش کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں ناگ رخشان کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے گزشتہ ادوار میں اجتماعی ترقی و فلاح بہبود کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ، ناگ رخشان کے عوام سے اپنی ایمانداری ، کارکردگی اور صلاحیت کی بنیاد پر ووٹ مانگ رہا ہوں ، میرے میگا پروجیکٹس میری کارکردگی کی گواہی دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مستقبل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرا خواب رخشان کی ترقی ہے ، یونیورسٹی ٹیکنیکل کالج کا قیام ، ڈیمز کی تعمیر ، زراعت سمیت بجلی کی فراہمی میری ترجیحات میں شامل ہیں ، نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر باعزت روزگار کی فراہمی میرا مشن ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتی ہے اس لئے ہم عوام سے ووٹ مانگتے ہیں ، رخشان میں حقیقی نمائندہ نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا علاقے پسماندہ ہیں ، ہم اقتدار میں آکر ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کریں گے ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسعت دے کر معاشی امداد کو دوگنا کریں گے ، وسیلہ روزگار پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر ان کو باعزت روزگار دلائیں گے ، وسیلہ تعلیم کے ذریعے قوم کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے ، بے روزگار نوجوانوں کے لئے یوتھ کارڈ سکیم ، مزدوروں کے لئے مزدور کارڈ ، کسان اور بزرگوں کے لیے کسان کارڈ کا اجرا کرکے غریب خاندانوں کو معاشی استحکام دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس بار منتخب ہو کر پسماندگی کے خاتمے کے لئے بھرپور کوشش کروں گا ۔ ناگ رخشان کے دورے پر پیپلز پارٹی رخشان ڈویژن کے صدر نعیم بلوچ ، مرکزی رہنماء میر محمد اکرم ، راسکوئی میر احسان اللہ سمالانی ، سلیم جان بادینی ، میر بہرام خان آلہ زائی ، میر محمد بخش سمالانی ، میر نعمت اللہ حاجیزئی ، وسیم شیروزئی ، حاجی افضل چنال ، حاجی عبدالغنی چنال ، تحصیل بسیمہ کے صدر عابد سلیم اعجاز بادینی اور دیگر رہنماء ان کے ہمراہ موجود تھے ۔