اس شہر میں دہشت کی سیاست کا راج ہوا کرتا تھا ، خوف اور چائنا کٹنگ کے بت ہم نے توڑے ہیں،مرتضیٰ وہاب

منگل 23 جنوری 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2024ء) میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس شہر میں دہشت کی سیاست کا راج ہوا کرتا تھا ، خوف اور چائنا کٹنگ کے بت ہم نے توڑے ہیں، اب یہ شہر یرغمال نہیں ہوسکتا، پیپلزپارٹی کے نمائندوں نے اس شہر کی بہتری کے لیے کام کیے، ہم نے برا وقت دیکھا ہے، اب ہم اپنے بچوں کو براوقت نہیں دیکھنے دیں گے،میئر کی حیثیت سے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کا پابند ہوں، میری ذمہ داری اجازت نہیں دیتی کہ 8فروری تک کام چھوڑ دوں، کوئی سیاسی لیڈر اگر میدان میں ہے تو وہ بلاول بھٹو ہے، انشاء اللہ 8فروری کو انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے، پیپلزپارٹی کا وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ ہوگا، جب وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور میئر ایک ہی جماعت کے ہوں گے تو مسائل حل ہوں گے، احتجاج کرنے اور دھرنے دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے ، شہر کے حالات کو ہم بہتر کریں گے، کورنگی میںگرلز کالج کی تعمیر سے علاقے کی طالبات کو سہولیات میسر آئیں گی، بچیوں کو تعلیم دینے کے لئے ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے منگل کے روز اللہ والا ٹاؤن کورنگی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ٹائون چیئرمین محمد نعیم شیخ ، وائس چیئرمین ذرین اعوان، ڈاکٹر طاہر خان، جانی میمن، احمد رضا، نوید منا،تنویر اور دیگر عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔

میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گرلز کالج کی تعمیر سے یہ زمین قبضے سے بچ گئی، اب یہاں ہماری طالبعلم لڑکیوں کیلئے ایک بہترین تعلیمی درسگاہ بنائی جا رہی ہے، اس کالج کے اندر سیکنڈری اسکول کو بھی شامل کیا جائے گاجس سے کورنگی میں رہنے والی طالبات کو اپنی رہائش گاہ کے قریب اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر آئے گی، ہمارا دین کہتا ہے اعمال کا دارومدار نیت پر ہے، آج یہاں پر ہماری موجودگی اس بات کا ثبوت ہے انسان کام کرنا چاہے تو کر سکتا ہے،کورنگی پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے، شہریوں کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، کورنگی کے انفراسٹرکچر، پارکوں اور برساتی نالوں کی بحالی کا کام جاری ہے، میئر کراچی نے کہاکہ لوگوں کو تکلیف ہے مرتضیٰ وہاب اور اس کا ٹاؤن چیئرمین کام کر رہا ہے ، بہت سے لوگ اس پر بات کرتے ہیں ، کوئی پیپلزپارٹی سے پوچھے وہ کیا کر رہی ہے ، میں یہ بتانا چاہوں گا شہر قائد میں ہم سکون سے نہیں بیٹھ سکتے تھے، اس شہر میں صنعتوں کے اندر لوگوں کو بند کر کے جلا دیا دیا جاتا تھا، شہر میں نالوں سے بوریاں نکلتی تھیں، ہر طرف خوف و دہشت کا راج تھاجسے پیپلز پارٹی نے ختم کیا، ماضی میں کراچی کو لندن کی طرح بنانے کے دعوے کیے گئے ، میں پوچھتا ہوں کورنگی میں 8ہزار، 12ہزار اور 16ہزار روڈ کس نے بنائی، آپ سب جانتے ہیں کون چائنا کٹنگ کرتا تھا اورکس نے شہر کی بہتری کیلئے کام کئے، کورنگی کازوے پر نیا فلائی اوور پیپلزپارٹی بنا کر دے رہی ہے ،اس سال کے آخر میں اس فلائی اوور کو مکمل کریں گے ، جام صادق پل کی تعمیر کیلئے ٹینڈر منظور ہو گیا تھا، پیپلزپارٹی کی کاوشوں کی وجہ سے ملیر ایکسپریس وے کا کام چل رہا ہے ، یہ فرق ہے ہم میں اور چائنا کٹنگ کرنے والوں میں ،ان کا بس چلے تو ہمارے اور آپ کے جسم پر بھی پتنگ اور ترازو بنا کر چلیں جائیں، سیاسی چورن بیچنے کا دور اب ختم ہو گیا ہے ، تنقید کرنے والے پہلے 40 سال کا حساب دیں پھر مجھ سے ایک سال کا حساب لے لیں، پیپلزپارٹی نے کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ دیا ،اگر آج شاہراہ نور جہاں بن رہی ہے تو مصطفی کمال بنا رہے ہیں یا حافظ نعیم مینا بازار پر بننے والے انڈر پاس کے پیسے کس نے منظور کروائی خواجہ اظہار نے کروائی فیڈرل بی ایریا میں ہم نے بہتری کیلئے کام کیا، ہماری سب سے بڑی کاوش یہ ہے کہ اس شہر میں امن قائم ہوا، جس دن تفصیل سے گفتگو ہوگی آپ کو پتہ چل جائے گا، میں الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کر رہا ہوں ، انہوں نے کہاکہ اتوار کو ہم نے گٹر کے ڈھکن لگوانے کی مہم کا آغاز کیا ہے ،حافظ صاحب کی یوسی میں جاکر بھی ہم نے ڈھکن لگوائے، حافظ نعیم کی فوٹو شوٹ دیکھ کر پریشان ہوں فنڈنگ کہاں سے آرہی ہے، ہمارے وارڈنز کو بھی ان لوگوں نے تنگ کیا، اس شہر کے باسی اب مرغا نہیں بن سکتے ہیں،مرغی کھانی چاہئے مرغا بننا نہیں چاہئے، ضلع وسطی میں ہم کام کررہے ہیں، شاہراہ نور جہاں بنا رہے ہیں، رشید ترابی ، سخی حسن روڈ تعمیر کر رہے ہیں، فیڈرل بی ایریا میں شاندار اقبال پارک بنایا، جلد ہی نرسنگ اسکول شروع کرنے جا رہے ہیں، ہمیں تنقید کی سیاست سے باہر نکل کر تعمیر و ترقی کی سیاست پر یقین رکھنا چاہئے، بلاول صاحب ایک ہی بات کررہے ہیں ریاست اور پاکستان کی عوام سے بڑھ کر کچھ نہیں، میاں صاحب ملک کے تین بار وزیراعظم رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا وعدہ ہے کہ وہ شہر کے مسائل حل کرے گی۔