بلاول وقت اور مقام کا فیصلہ کریں اور مجھ سے مناظرہ کریں، نہال ہاشمی

بلاول پہلے نواز شریف کے قد تک پہنچ جائیں پھر مکالمےکی خواہش کریں،کیا بلاول کراچی کو لاہور جیسا بنانےکی بات کر سکتے ہیں؟، لیگی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 23 جنوری 2024 23:45

بلاول وقت اور مقام کا فیصلہ کریں اور مجھ سے مناظرہ کریں، نہال ہاشمی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری2024ء) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول وقت اور مقام کا فیصلہ کریں اور مجھ سے مناظرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول پہلے نواز شریف کے قد تک پہنچ جائیں پھر مکالمےکی خواہش کریں، کیا بلاول کراچی کو لاہور جیسا بنانےکی بات کر سکتے ہیں؟ نہال ہاشمی کا کہنا ہےکہ میں بلاول بھٹو کی مناظرے کی دعوت قبول کرتا ہوں، بلاول خارجی، معاشی اور انتظامی امور پر مجھ سے مناظرہ کرلیں۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو دیے گئے مناظرے کے چلینج کا جواب دیتے ہوئے خود انہی کو چیلنج کردیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلز پارٹی کے چیلنج کے جواب میں ن لیگی رہنما نے خود انہی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بلاول لاڑکانہ کا میرے نارووال سے موازنہ کر لیں، نارووال بہتر ہوا تو آپ سیاست چھوڑ دیں، اگر لاڑکانہ نارووال سے بہتر ہوا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

اپنے بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا یہ لیول نہیں کہ انڈر ٹریننگ سے مکالمہ کرے۔ بلاول بھٹو زرداری انڈر 19 کا کھلاڑی ہے، بلاول کے والد کہتے ہیں کہ ابھی اس کی تربیت کر رہا ہوں، وہ نیٹ پریکٹس کر رہا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بلاول کو وارننگ دیتا ہوں کہ ہمارےقائد کا نام احترام سےلیں، بلاول بھٹو نے زبان ٹھیک نہ کی تو ہم جواب دینا جانتے ہیں۔

خیال رہے کہ اپنے ایک انٹرویو میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو ٹی وی پر آکر ملکی مسائل سے متعلق مناظرے کا چیلنج دیا تھا۔ اس سے قبل کوٹ ادو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پی پی کے سوا تمام سیاستدان خلائی مخلوق سے امید لگائے بیٹھے ہیں، پیپلز پارٹی صرف عوام کی طرف دیکھتی ہے اور عوام کے ووٹ سے حکومت میں آتی ہے۔