چین سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

بدھ 24 جنوری 2024 23:07

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ چین سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔بدھ کو ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو اپ گریڈ کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ایک سوال پر کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اہم مشترکہ مفاہمت کی فراہمی، سیاسی باہمی اعتماد کو عملی تعاون کو بڑھانے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کے حالیہ دورہ پاکستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سن ویڈونگ نے 20 سے 22 جنوری تک پاکستان کا دورہ کیا۔

انہوں نے صدر عارف علوی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وانگ وین بن نے کہا کہ چینی نائب وزیر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کے ساتھ بین الاقوامی تعاون اور رابطہ کاری پر سی پیک کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے چوتھے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، چین ون چائنا اصول پر پاکستان کے پختہ عزم کو سراہتا ہے، پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اس کے اتحاد، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی حمایت کرتا ہے۔ دورے کے دوران چینی نائب وزیر خارجہ اور پاکستانی رہنماؤں نے سی پیک کی کامیابی کے عزم کی تجدید کی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، معیشت، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔