لیسکو شیخوپورہ نے بجلی چوری کے خلاف مہم کے بارے میں اپنی سہ ماہی رپورٹ جاری کر دی

سرکل شیخوپورہ میں 1600ایف ائی آر رجسٹرڈ ،402 بجلی چور گرفتار، 17 لاکھ سے زائد یونٹ سرچارج کر کے تین کروڑ سے زائد کی ریکوری حاصل کر لی

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ جمعہ 26 جنوری 2024 16:40

شیخوپورہ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26جنوری2024 ء) وفاقی سیکرٹری پاور کے احکامات پر چیف ایگزیکٹو لیسکو شاہد حیدر کی ہدایت پر ایس ای شیخوپورہ نجم الحسن کی زیر نگرانی بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تاحال جاری ہے اس سلسلہ میں لیسکو سرکل شیخوپورہ نے سٹی اور رول ڈویژن کی علیحدہ علیحدہ سہ ماہی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق رورل ڈویژن کی سب ڈویژنوں کھاریانوالہ ،بھکھی،جناح پارک اور سول لائن کے مختلف علاقوں شرقپورروڈ،بلڑ کے، مامو گجر، آمبہ، کالیا باہومان ،جوئیاں والا، سیکھم، ہرن مینار روڈ ،کرلکے مینارہ سمیت دیگر علاقوں میں میٹر ٹیمپرنگ ، ڈائریکٹ سپلائی اور میٹر ریورس کرنے سمیت دیگر غیر قانونی طریقوں سے بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف 969 ایف ائی آر رجسٹرڈ کروائیں گئیں اور 365 افراد کو حوالہ پولیس کیا گیا بجلی چوروں سے آٹھ لاکھ 70 ہزار سے زائد یونٹس چارج کر کے دو کروڑ 12 لاکھ سے زائد کی ریکوری حاصل کی گئی جبکہ سٹی ڈویژن کی سب ڈویژنوں عطاء آباد ،قلعہ ستار شاہ،جنڈیالہ روڈ اور وارث شاہ سب ڈویژن کے علاقوں رام گڑھا،جنڈیالہ شیر خان، مدار ،چک شاہ پور، مرزا ورکاں ،ہاؤسنگ کالونی، خان کالونی، معراج پورہ ،جنڈیالہ روڈ سمیت دیگر قصبوں اور علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف مہم بھی جاری ہے جس میں 630 رجسٹرڈ ایف ائی آر کا اندراج کروایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بجلی چوروں سے نو لاکھ کے قریب یونٹس سرچارج کر کے ایک کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری حاصل کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔ ایس ای لیسکو سرکل شیخوپورہ نجم الحسن نے ایکسیئن سٹی عامر نواز ایکسیئن رورل رضوان احمد قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر بجلی چور مافیا کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری رہیں گی ۔ایس ڈی اوز محمود احمد یاسر محمود رانا ظفر، ابصار الحسن ، صلاح بن سعید، محمد یونس سمیت دیگر آفیسران کی کارکردگی اطمینان بخش ہے لیسکو سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ اپریشن میں سرکل چیئرمین رانا محمد شفیق کی ٹیم بھی شانہ بشانہ ساتھ رہی۔