Iصحافی کیساتھ پولیس گردی کی شدید مذمت

اتوار 28 جنوری 2024 19:40

ٌلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2024ء) لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر شیراز حسنات ، نائب صدر امجد عثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے این اے 126 کے آزاد امیدوار کی ریلی میں ’’لاہور رنگ‘‘ کے کرائم رپورٹر علی مرزا کے ساتھ پولیس گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔

این اے 126 میں آزاد امیدوار کی ریلی کے دوران ایس ایچ او نواب ٹائون اسد عباس اور ایس ایچ او جوہر ٹائون ذکا نے لاہور رنگ کے کرائم رپورٹر علی مرزا کو کوریج سے روک دیا ، کیمرہ چھیننے کی کوشش اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ۔ لاہورپریس کلب کی گورننگ باڈی نے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، وہ معاشرے میں وقوع پزیر ہونے والے واقعات کو پیش کرتے ہیں جس سے معاشرے میں سدھار آتاہے لیکن انھیں اس طرح زبردستی ان کے فرائض منصبی سے روکناانتہائی قابل مذمت عمل ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ پولیس ملازمین کا یہ رویہ آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی آپریشنزکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث پولیس ملازمین کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔