مسلم لیگ(ن) کاانتخابی منشورعوام کے دلوں کی آواز ہے، الیکشن جیت کر عوام کو تاریخ ساز ریلیف دیں گے، میاں عرفان منان

پیر 29 جنوری 2024 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2024ء) مسلم لیگ(ن) کے سابق ممبر قومی اسمبلی و تاجر رہنما میاں منان احمد کے فرزند اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 101 فیصل آباد سے مسلم لیگ(ن) کے نامزد امید وار میاں عرفان منان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کاانتخابی منشورعوام کے دلوں کی آواز ہے،ہم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں 8 فروری کو الیکشن جیت کر عوام کو تکلیف کی بجائے تاریخ ساز ریلیف دیں گے،پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ منشور پر من و عمل کیا جائے گا،دوسروں کی طرح ایک کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھروں جیسے محض دعوے نہیں کئے جائیں گے بلکہ جو عوام کے ساتھ وعدہ ہوگا وہ پورا کیا جائے گا۔

اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف الیکشن آفسز کے دورے کے موقع پر اہلیان علاقہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشورسے پوری قوم مطمئن ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں جو کردار ادا کیا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عوامی منڈیٹ ملنے کے بعد مہنگائی میں ریلیف اولین ترجیح ہوگا۔

انتخابی مہم کے دوران لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وہ زبان درازی سے عوامی حمایت حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اورہم پنجاب سمیت مرکز میں بھی حکومت بنانے کیلئے پنجاب سے بھاری لیڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو فروری کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ اور مریم نواز اور نواز شریف کافقیدالمثال استقبال ہوگا جس کی تیاری ہم کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں ضلع بھر کی تحصیلوں اور یونین کونسلوں کی سطح پر پوری ٹیم اور کارکنان کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف دو تہائی اکثریت کے ساتھ وزیراعظم منتخب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر دور میں ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں اس لئے ہمیں سو فیصد یقین ہے کہ عوامی مینڈیٹ ملنے کے بعد میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے ساتھ ماضی میں ہونیوالی تمام زیادتیوں کا ازالہ کرے گی اور پاکستان میں قومی فلاح و خوشحالی کے ایک نئے خوشگوار سفر کا آغاز ہوگا۔