تحریک انصاف ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے ریلی انصاف ہاؤس سے نکالی گئی

پیر 29 جنوری 2024 20:54

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2024ء) تحریک انصاف ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے ایک شاندار ریلی انصاف ہاؤس سے نکالی گئی جس میں عہدے داروں کارکنوں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی ریلی کی قیادت ضلعی صدر افتاب نظامانی حلقہ این اے 221 پر نامزد امیدوار ڈاکٹر عرفان نظامانی اور پی ایس 66 پر نامزد امیدوار حاجی الطاف نظامانی، انصار شر، کامران جانوری، کبیر کوراچی، مختیار بھٹی اور دیگر نے کی ریلی شہر کے مختلف علاقوں ایوبیہ بس اسٹاپ، کرن چوک، مہران چوک سمیت دیگر شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب ٹنڈو محمد خان پہنچی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں یکساں مقبول ہے اور تحریک انصاف کے امیدوار جنرل الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامی کامیابی حاصل کر کے مخالفین کو عبرت ناک شکست دیں گے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے پیپلز پارٹی نے 15 سال اپنے دور اقتدار میں عوام کے مسائل حل نہیں کیے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے دو وقت کی روٹی بھی عوام سے چھین لی ہے عوام مہنگائی اور غربت کے مارے خود کشی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور اور عوام نے اب انہیں مسترد کر دیا ہے اور وہ اب تبدیلی چاہتے ہیں اور تحریک انصاف کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ایک ساتھ جمع ہیں۔