آزاد امیدوار محمد میاں سومرو کے قافلے پر فائرنگ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

منگل 30 جنوری 2024 22:13

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) جیکب آباد میں سابق نگران وزیر اعظم اور حلقہ این اے 190 کے آزاد امیدوار محمد میاں سومرو کے قافلے پر فائرنگ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب مولاداد تھانہ کی حدود قادر پور کے نزدیک سابق نگران وزیر اعظم اور جیکب آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این ای190 کے آزاد امیدوار محمد میاں سومرو کے قافلے پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، سیکورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے، ایس ایس پی جیکب آباد کے مطابق قافلے پر فائرنگ کی اطلاع ملی ہے پولیس واقع کی تفتیش کررہی ہے ایس ایس پی کے مطابق محمد میاں سومرو قافلے میں موجود نہیں تھے۔

این اے 190 کے امیدوار محمد میاں سومرو نے کہا کہ گڑہی خیرو میں الیکشن ورک کے بعد جیکب آباد آرہے تھے کہ ہمارے قافلے پر فائرنگ کی گئی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے، انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب ہے اس لیے الیکشن میں پولیس سمیت رینجرس سمیت فوج کو تعینات کیا جائے اور حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

محمد میاں سومرو کے قافلے میں صوبائی حلقہ پی ایس 1 جیکب آباد کے آزاد امیدوار سردار عبدالرزاق کھوسو بھی شامل تھے، پی ایس 1 جیکب آباد کے امیدوار سردار عبدالرزاق کھوسو نے قافلے پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں وہ ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کو گرفتار کرکے ان کی سرپرستی کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے۔