ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی منظورکرنے کی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی

منگل 30 جنوری 2024 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) سپریم کورٹ نے ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔منگل کوچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواستگزار کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے سماعت کے موقع پر اپنے دلائل میں موقف اپنایاکہ فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا بینک ڈیفالٹر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹریبونل نے فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے تاہم سندھ ہائی کورٹ نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ سندھ ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلہ کے بغیر آپ کو سپریم کورٹ کیسے سن لی انہوں نے کہاکہ انتخابات سے سات روز قبل کسی کو الیکشن لڑنے سے کیسے روک دیں بعد ازاں سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے تک کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی۔