اے این پی کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کے لئے انتخابی مہم زور وشور سےجاری

منگل 30 جنوری 2024 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کے لئے انتخابی مہم زور وشور سےجاری ہے۔ منگل کو نوشہرہ میں بانڈہ شیخ اسماعیل خیل میں شرف الدین ایڈووکیٹ کی رہائشگاہ پر انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ ہوئی جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل و نامزد امیدوار پی کے 89 میاں افتخار حسین اور نامزد امیدوار این اے 34 میاں بابر شاہ کاکاخیل نے خطاب کیا۔

اس موقع پر تحصیل صدر حاجی زر علی، عباس خان غازی، نعیم قادر،نجم الزمان ایڈووکیٹ، روز علی، ایران باچا، حسن جان اور دیگر تنظیمی ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔ چارسدہ این اے 25 انتخابی مہم کے حوالے سے حصارہ یاسین زئی میں ڈور ٹو ڈور مہم جاری ہے۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی سیکرٹری یوتھ افیئرز ثناء گلزار ایڈووکیٹ نے حصارہ یاسین زئی نے خواتین کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور اے این پی کے منشور بالخصوص خواتین، نوجوانوں، تعلیم اور صحت سے متعلق اقدامات سے انہیں آگاہ کیا۔

چارسدہ سرڈھیری (پی کے 64) میں عوامی نیشنل پارٹی یونین کونسل درگئی، شیخو، دوسہرہ، رجڑ 2 اور ملکا ڈھیر کا مشترکہ انتخابی جلسہ ہوا جس میں صدر عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا و امیدوار این اے 25 ایمل ولی خان نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے امیدوارں سے کہا کہ وہ ڈور ٹو ڈور مہم کو مزید تیز کریں۔