سید یوسف رضا گیلانی کا سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس

آغا سراج درانی کی وفات سیاست اور عوامی خدمت کے میدان میں ایک بڑا نقصان ہے،چیئر مین سینٹ

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:05

سید یوسف رضا گیلانی کا سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آغا سراج درانی کی وفات سیاست اور عوامی خدمت کے میدان میں ایک بڑا نقصان ہے، وہ ایک باوقار پارلیمنٹرین، باصلاحیت منتظم اور جمہوری اقدار کے علمبردار تھے،مرحوم نے طویل عرصہ عوام کی خدمت کی اور صوبہ سندھ کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی مرحوم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتے تھے اور انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور اور نظریہ کو عملی جامہ پہنانے میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے اہلخانہ، دوستوں اور پارٹی کارکنان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔