جن کو آزما چکے ہیں ان کو آزمانا ٹھیک نہیں، نواز شریف

خیبرپختونخوا والو کیوں ایک شخص کے دھوکے میں آئے؟ آپ نے ایسے شخص کو چنا جس نے آپ کو بھی پھنسایا اور ملک کو بھی پھنسا دیا‘ نیا پاکستان تلاش کرتے کرتے پرانا بھی تباہ کر دیا۔ سوات میں جلسہ عام سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 فروری 2024 17:01

جن کو آزما چکے ہیں ان کو آزمانا ٹھیک نہیں، نواز شریف
سوات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 فروری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا والو کیوں ایک شخص کے دھوکے میں آئے؟ نیا پاکستان کرتے کرتے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا، جن کو آزما چکے ہیں ان کو آزمانا ٹھیک نہیں۔ سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، عوام کے جذبات سے کھیلا گیا، بتاؤ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے تھے؟ ان کا حساب دینا ہوگا، مجھے یا شہبازشریف کو موقع ملتا تو کے پی سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا لیکن ایک شخص جو یہاں سے ایکسپورٹ ہوا آپ اس کے جال میں پھنسے جس نے آپ سے جھوٹے وعدے کیے، آپ کو ایک کروڑ نوکریاں دینا، 50 لاکھ گھربنا کر دینا، 300 ڈیم بنانا اور ایک ارب درخت لگانے کا وعدہ کیا، دل سے بتاؤ ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا ہوا۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نے کہتے ہیں کہ یہاں ہزاروں کا مجمع ہے جس میں نوجوان ہی نوجوان دکھائی دے رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کیا آپ کو 50 لاکھ گھروں میں سے کوئی ایک گھر ملا ہے؟ خیبرپختونخوا والو آپ کو سوچنا چاہیے تھا آپ کیوں اس شخص کے دھوکے میں آئے؟ آپ کو پوچھنا چاہیے تھا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے گئے؟ خیبرپختونخوا کے لوگ تو بڑے سیدھے سادے اور پیار کرنے والے ہیں، ان کو کیوں دھوکہ دیا گیا ان کے جذبات سے کیوں کھیلا گیا؟ آپ لوگ ایک بندے کے جال میں پھنسے ہیں نیا پاکستان تلاش کرتے کرتے آپ نے پرانا پاکستان بھی تباہ کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف تو آپ کی خدمت کر رہا تھا، آج بجلی کی صورت حال دیکھیں جہاں ایک ہزار بل آتا تھا اب 20 ہزار آتا ہے، پوچھنا چاہتا ہوں یہاں کون سا نیا منصوبہ آیا ہے؟ نواز شریف نے تو لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا لیکن آپ لوگ تو ایک ایسے شخص کے پیچھے لگ گئے جس نے پاکستان کا یہ حال کر دیا ہے، ملک میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، معیشت کا برا حال ہے، کام کرنے کی بجائے صرف انتقامی سیاست اور سازشیں کی گئی ہیں، آپ سے پوچھتا ہوں کہ نواز شریف کا دور اچھا تھا یا یہ دور اچھا ہے؟۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ جو جو منصوبے یہاں لگائے تھے ان کو میں خود آکر مکمل کرواؤں گا، میں نے تو ہمیشہ سچ بولا ہے اور آئندہ بھی سچ بولوں گا کیوں کہ جھوٹ بول کر ووٹ نہیں لینا چاہتا، اس عمل سے اپنی عاقبت خراب نہیں کروں گا، آپ نے ایسے شخص کو چنا جس نے آپ کو بھی پھنسایا اور ملک کو بھی پھنسا دیا، آپ سے یہی گزارش کرنے آیا ہوں کہ جن کو پہلے آزمایا ہوا ہے ان کو بار بار آزمانہ ٹھیک نہیں ہے۔