سکھر ، اس بار سینیئرسیاسی رہنما سید خورشید احمد شاہ اور جے یو آئی کے امیدوار مولانا محمد صالح اندھڑ آمنے سامنے

جمعہ 2 فروری 2024 13:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2024ء) سکھر میں اس بار سینیئرسیاسی رہنما سید خورشید احمد شاہ کا مقابلہ جے یو آئی کے امیدوار سے ہو رہا ہے ۔سکھر کے حلقہ این اے 201 سکھر 2 میں سید خورشید احمد شاہ کے مرکزی حریف اس مرتبہ جے یو آئی امیدوار مولانا محمد صالح اندھڑ ہیں ، دیگر جماعتوں کے امیدوار بھی میدان میں ہیں ۔ این اے 201 سکھر 2 حلقہ پنوعاقل تعلقہ ، صالح پٹ تعلقہ اور روہڑی تعلقہ کی دیہی آبادی پر مشتمل ہے ۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق یہاں پر ووٹرز کی تعداد 376504 ہے ۔ جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 201736 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 174768 ہے ۔ یہاں پر 8 فروری کو 298 پولنگ اسٹیشن قائم ہونگے جن میں 81 مردوں اور 83 خواتین کےلیے جبکہ 123 مردو خواتین کے لیے مشترکہ ہونگے ۔

(جاری ہے)

اس حلقے کی 298 پولنگ سٹیشنوں میں 1045 پولنگ بوتھ بنیں گے جس میں 552 مردوں اور 493 خواتین کے لیے مخصوص ہونگے ۔

اس حلقہ سے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ اس بار بھی امیدوار ہیں،جے یوآئی کے رہنما محمد صالح انڈھڑ اور دیگر سیاسی جماعتوں ایم کیو ایم کی صبا انور ، جماعت اسلامی کے سلطان لاشاری اور آزاد امیدوار سید طاہر حسین شاہ بھی میدان میں اترے ہو ئے ہیں۔ یہ حلقہ 2018 کے الیکشن میں این اے 206 تھا اور یہاں سے سید خورشید احمد شاہ نے کامیابی حاصل کی تھی اور پی ٹی آئی امیدوار سید طاہر حسین شاہ دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔ جو اس مرتبہ آزاد امیدوار کے طور پر کھڑے ہیں ۔