ایم کیو ایم پاکستان کا کورنگی ٹائون نمبر 1میں مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح

جمعہ 2 فروری 2024 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کورنگی ٹائون کے زیر اہتمام کورنگی نمبر 1پر مرکزی الیکشن آفس کے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل، رکن رابطہ کمیٹی جاوید حنیف، حق پرست نامزد امید وار حلقہ این اے 234معین عامر پیرزادہ ، پی ایس 94کے امیدوار نجم مرزا نے شرکت کی۔

اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد اس ملک کو ترقی کی راہ پر واپس گامزن کرنا ہے اور ہم اس سلسلے میں اپنی کوششیں کر رہے ہیں، آج ہم کورنگی ٹائون میں موجود ہیں اور کورنگی وہ علاقہ ہے جہاں کے عوام نے ہر مشکل دور میں ایم کیو ایم پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت ہماری عوام ہے اور ہم اپنے عوام کے ذریعے اس ملک سے مہنگائی دہشتگردی سمیت تمام مسائل کو حل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

جاوید حنیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج شہر بھر میں امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں اپنے نام واپس لے رہے ہیں، یہی ہماری جیت ہے کہ لوگ ہم سے جڑ رہے ہیں ،جو لوگ ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں ہم انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے حق میں دستبردار ہونے والے اراکین نے بھی گفتگو کی۔