اے این پی اور پی پی پی کے درمیان حلقہ این اے 265 پشین اور حلقہ پی بی 48اور 49 میں انتخابی اتحاد ہو گیا

ہفتہ 3 فروری 2024 23:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے درمیان قومی اسمبلی حلقہ این اے 265 ضلع پشین اور حلقہ پی بی 48اور 49 میں انتخابی اتحاد ہو گیا ۔ پیپلز پارٹی کے حلقہ این اے 265ضلع پشین کے امیدوار خیر محمد ترین اور عوامی نیشنل پارٹی این اے 265 کے امیدوار رشید خان ناصر کے حق میں دستبردار ہو گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر خیر محمد ترین، صوبائی فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ، میڈیا کوارڈینیٹر اختر شاہ جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر اور ضلعی جنرل سیکرٹری سید شاہجہان آغا ن نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر خیر محمد ترین نے کہا ہے کہ ضلع پشین کی سطح پر پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے درمیان اتحاد ہو گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا کہ حلقہ این اے 265 پر ضلع پشین پیپلز پارٹی کے نامز د امیدوار خیر محمد ترین عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار رشید خان ناصر کے حق میں دستبردار جبکہ حلقہ پی بی 48 کے امیدواربی بی کوترہ اے این پی کے امیدوار عبیدا للہ عابد کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح حلقہ پی بی 49پر اے این پی کے امیدوار اصغر علی ترین پیپلز پارٹی کے امیدوار سید ناصر آغا کے حق میں دستبردار ہو گئے ۔ آنے والے عام انتخابات میں دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کو بھر پور سپورٹ کریں گی۔