کرک ،تخت نصرتی پولیس ، پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں میں شدید تصادم

جھڑپ اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں ،کارکنوں سمیت متعدد افراد زخمی ،پولیس کی درجن سے زائد گاڑیاں تباہ

اتوار 4 فروری 2024 20:25

کرک ،تخت نصرتی پولیس ، پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں میں شدید تصادم
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2024ء) کرک کی تحصیل تخت نصرتی کی حدودمیں پولیس اور پاکستان تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنوں کے مابین شدید تصادم ‘ جھڑپ اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں اور کارکنوں سمیت متعدد افراد کے زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی درجن سے زائد سرکاری گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کرک کی تحصیل تخت نصرتی کی حدودمیں انڈس ہائی پر واقع علاقہ امبیری کلہ میں پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ انتخابی جلسہ کو مقامی انتظامیہ اور پولیس نے ناکام بنانے کے لئے دھاوا بول دیا اورمبینہ طورپر آنسو گیس اور ہوائی فائرنگ کا بے دریغ استعمال کرکے کارکنوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس پرحالات بے قابو ہوگئے اورجلسہ گاہ میدان جنگ بن گیا۔

(جاری ہے)

سینکڑوں کارکنوں نے مشتعل ہو کر شدید ہنگامہ آرائی کی ۔مشتعل ہجوم نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کرتے ہوئے جوابی حملہ کرکے انتظامیہ اور پولیس کی اینٹ سے اینٹ بجادی جس کے باعث درجنوں اہلکارمتعدد سرکاری گاڑیاں چھوڑکراپنی جانیں بچاتے ہوئے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ سینکڑوں مشتعل کارکنوں نے پولیس کی ایک درجن سے زائد سرکاری گاڑیوں پرزبردست پتھراؤ کرکے انہیںشدید نقصان پہنچادیا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کے روز انڈس ہائی وے پر واقع امبیری کلہ کے مقام پر کڑاپی میدان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ کا پروگرام بنایا تھا جس میں پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کارکنوں سے خطاب کرنا تھا تاہم ان کی آمد سے قبل ہی انتخابی جلسہ کو روکنے کے لئے درجنوں چھوٹی بڑی گاڑیوں میںپولیس کی بھاری نفری نے جلسہ گاہ پہنچ کر دھاوا بول دیا اور کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے مبینہ طورپر آنسوگیس اور ہوائی فائرنگ کا بے دریغ استعمال کرنا شروع کردیا جس کے بعدحالات سنگین ہوگئے اور اطلاعات کے مطابق ہزاروں کارکنوں نے مشتعل ہوکر پولیس و مقامی انتظامیہ پر شدید پتھراؤ شروع کردیا ۔

دوطرفہ تصادم کے بعد پولیس اہلکار اپنی جانیں بچاتے ہوئے سرکاری گاڑیاں چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگ نکلے جبکہ مشتعل کارکنوں نے وہاں موجود پولیس کی متعددسرکاری گاڑیوں پر پتھربرسائے اور ڈنڈے مار مارکر بہت بڑا نقصان پہنچا دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس ہنگامہ آرائی‘ جھڑپ اور پتھراؤ کے نتیجے میں کئی پولیس اہلکاراور کارکن زخمی بھی ہوگئے ہیں تاہم فوری طور پرمزید معلومات حاصل نہ ہوسکیں۔

آخری اطلاعات کے مطابق شدید ہنگامہ آرائی اور تصادم کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے جمع ہو کر ہرحال میںانتخابی جلسہ منعقدکرنے کا عزم کرتے ہوئے اپنا انتخابی جلسہ جاری رکھا۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز جمعیت علمائے اسلام نے بھی کرکے شہر کے قریب انتخابی مہم کے ضمن میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرنا تھا۔