عام انتخابات، این اے 9 ملاکنڈ اور پی کے 23 ، سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع

اتوار 4 فروری 2024 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2024ء) ملاکنڈ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 9 ملاکنڈ اور پی کے 23 پر مخصوص سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ این اے 9 ملاکنڈ پر کل 14 امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہوئے ہیں جن میں 7 سیاسی جماعتوں کے اور 7 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ پی کے 23 پر 20 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں ایک درجن سیاسی جماعتوں کے نامزد جبکہ 8 آزاد امیدوار ہیں۔

مبصرین کے مطابق این اے 9 پر پی پی پی کے سید احمد علی شاہ کا پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سابق ایم این اے جنید اکبر ، جماعت اسلامی کے مولانا جمال الدین ، جے یو آئی کے مفتی کفایت، مسلم لیگ (ن) کے سجاد خان اور پی ٹی آئی پی کے ذیشان خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کامیابی کے لیے بھر پور مہم کے دوران پارٹی میں نئی سینکڑوں بااثر شخصیات کو شامل کرانے کے ساتھ ناراض کارکنوں کی اکثریت کو بھی راضی کر لیا ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی ملاکنڈ بلانے میں کامیاب ہوچکے ہیں تاہم سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان کے ساتھ اندرونی سطح پر اختلافات برقرار ہیں جو کہ پی پی پی ووٹ بنک پر اثر ہوسکتے ہیں۔

دیگر امیدواروں میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ شکیل خان، اےاین پی کے اظہار خان، جماعت اسلامی کے شہاب حسین، مسلم لیگ ن کے نعیم خان، پی ٹی آئی پی کے اکرام خان اور جمعیت علماء اسلام کے مولانا عمران ہلالی کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔