مہاجرووٹ کی پرچی سے مہاجر دشمنوں کو مسترد کردیں، ڈاکٹرسلیم حیدر

پیر 5 فروری 2024 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2024ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین اور کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 نیوکراچی سے آزاد امیدوار ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے مہاجر عوام صرف اور صرف مہاجر دوست امیدواروں کو کامیاب کریں کیونکہ مہاجروں کے نام پر متحدہ قومی موومنٹ برسہا برس سے ووٹ حاصل کرتی رہی ہے لیکن ہمیشہ ووٹ لینے کے بعد مہاجر دشمن جماعتوں کے ساتھ اقتدار کا حصہ بن جاتی ہے اور وہاں سے اپنی مراعات اور عیاشیاں جاری رکھتی ہے۔

وہ اپنے حلقے این اے 247 نیو کراچی میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ بدقسمتی سے مہاجر ایک ہی جماعت کے ہاتھوں ڈسے جاتے رہے ہیں ۔ مہاجروں کو چاہئے کہ اب ان پیداگیروں کو ان کی اوقات دکھائے کیونکہ متوسط طبقے کی قیادت کے نام پر اس جماعت نے مہاجروں کو تو کچھ نہیں دیا لیکن اپنے ملک اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔

(جاری ہے)

35سے 40 سال میں مہاجروں کے مسائل حل ہونے کے بجائے ان کے مسائل میں اضافہ کیا ۔ اپنی پیداگیری کی سیاست کے نتیجے میں مہاجر حقوق پر سودے بازی کی اور آج مہاجر اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ تعلیمی بورڈ سے لے کر سرکاری ملازمتون تک میں ان کا کھلے عام استحصال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر عوام شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان پیداگیروں کو مسترد کریں کیونکہ یہ پھر ایک مرتبہ کامیاب ہوئے تو سوائے اپنے مفادات اور مہاجر حقوق کا سودا کرنے کے کچھ بھی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ مہاجر عوام جانتے ہیں کہ کون وزیراعلیٰ ہاؤس میں بیٹھ کر ٹھیکے لیتا ہے اور این او سی نکلواکر بلڈرز کی دلالی کرتا ہے ، اب مہاجر آستین کے ان سانپوں سے ہوشیار ہوجائیں ۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے مقتدر حلقے بھی مہاجر حقوق کو حل کروانے کے بجائے اس طرح کے لوگوں کی پشت پناہی کرتے ہیں جو مہاجروں کو تنہا کرے اور مہاجروں کو دیوار سے لگانے میں مہاجر دشمن قوتوں کے آلہ کار کے طورپر استعمال ہوں۔