وزیراعظم پاکستان، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مظفرآباد کا دورہ

یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،شہداء کی عظیم قربانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، آئی ایس پی آر آرمی چیف کی سریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں سے بھی ملاقات، آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے ، موثر ردعمل کی تعریف شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، پاکستان کی خود مختاری کی خلاف وزری اور کسی بھی قسم کی جارحیت پر بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائیگا،جنرل سید عاصم منیر

پیر 5 فروری 2024 21:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2024ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، پاکستان کی خود مختاری کی خلاف وزری اور کسی بھی قسم کی جارحیت پر بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا۔

یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی عظیم قربانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آرمی چیف نے سریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں سے بھی ملاقات کی،اس موقع پر آرمی چیف کو کو لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے اور موثر ردعمل کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم اور آرمی چیف نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بھارت غیر قانونی انتظامی اور یکطرفہ طور پر مسلط کردہ سخت قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، اس طرح کی سازشیں کشمیری عوام کے اپنے جائز مقاصد کے حصول کی خواہش اور حق خودارادیت کی تڑپ کو دباء نہیں سکتیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ کسی بھی جارحیت یا علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کا بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، فوج خطرے کے مکمل اسپیکٹرم سے بخوبی واقف ہے اور موثر طریقے سے جواب دینے کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان میں ہندوستانی ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی کا بھی ذکر کیا جو اب ہماری سرزمین پر انفرادی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے تک پھیل چکی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ یہ بے حسی بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی نظام کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے جو معمول بنتی جا رہی ہے اور اب دنیا کے بہت سے ممالک بھارت پر کھلے عام دبائو ڈال رہے ہیں اور اس کی جعلی ساکھ کو بے نقاب کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اس طرح کی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔ قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔