راولپنڈی و ملحقہ تحصیلوں کے تمام انتخابی حلقوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، سی پی او

بدھ 7 فروری 2024 16:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) راولپنڈی میں عام انتخابات کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لئے راولپنڈی و ملحقہ تحصیلوں کے تمام انتخابی حلقوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔پولیس ترجمان کے مطابق بدھ کوراولپنڈی پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔

فلیگ مارچ کی نگرانی سی پی اوراولپنڈی، ایس ایس پی آپریشنز،ڈویژنل ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے کی۔ سینئر افسران کی قیادت میں حلقہ این اے 51,52,53,54,55,56میں الگ الگ فلیگ مارچ کئے گئے جس کا مقصد انتخابات کے پر امن انعقاد کے عزم کا اظہار ہے۔سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران راولپنڈی پولیس کے 9500 سے زائد افسران ڈیوٹی سر انجام دیں گے، 580 اے، 980 بی اور 1221 سی کیٹگری کے پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی تعینات ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کو سکیورٹی گشت کے حوالے سے 280 کلسٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، مری روڈ، مال روڈ، اہم مقامات اور تنصیبات کے قریب ایلیٹ کمانڈوز گشت کے ساتھ پاک فوج اور رینجرز کوئیک رسپانس فورس بھی پٹرولنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔پولیس کوئیک رسپانس کے دستے شہر بھر میں گشت کر رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری رسپانس کریں گے۔قبل ازیں انتخابی موادکی بحفاظت ترسیل کا عمل پولیس سکیورٹی میں مکمل کیا گیا ہے۔

حساس پولنگ سٹیشنز پر کیمرے لگائے گئے ہیں ،تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر مسلسل سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے ،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی کنٹرول روم کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔