کوہاٹ ،قومی اسمبلی کے ایک ،صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پر انتخابات کے انتظامات مکمل ،491پولنگ اسٹیشنز قائم

بدھ 7 فروری 2024 20:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2024ء) کوہاٹ میں قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پر انتخابات کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، کوہاٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی کے 90 اور پی کے 92 میں کل 491 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 101 انتہائی حساس، 50 حساس اور341 نارمل قراردیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق مردوں کے لئے 118،خواتین کے لئے 109 خواتین اور 264 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 1452 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ 516 پریذائیڈنگ، 3049، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسروں سمیت مختلف محکموں کے 5580 اہلکار انتخابات میں فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس سمیت کوئیک رسپانس فورس(کیو آر ایف)، ایف سی اور پاک فوج کے دستے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں انتخابی سامان کی ترسیل شروع ہوگئی ہے اور انتخابی سامان کی ترسیل کیلئے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کے چاروں اطراف سخت سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے جبکہ داخلی راستے پر واک تھرو گیٹ نصب کیا ہے۔ واضح رہے کہ کوہاٹ کے ایک صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 91 پر ایک امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ پہلے ہی ملتوی کردی گئی ہے۔