گیارا اگست مساوی شہریت کے عہد کی تجدید کا دن ہے، شازیہ مری

منگل 11 اگست 2026 16:08

گیارا  اگست مساوی شہریت کے عہد کی تجدید کا دن ہے، شازیہ مری
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نےکہا ہے کہ 11 اگست قائداعظم محمد علی جناح کے اس عہد کی تجدید کا دن ہے جس میں ہر شہری کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی، مساوات اور رواداری کو بنیادی اصول قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 11 اگست 1947 کو قائداعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق آزادانہ زندگی گزارنے اور عبادت کرنے کا حق حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا 1973 کا آئین اقلیتوں کے حقوق اور مساوی شہریت کی ضمانت فراہم کرتا ہے جبکہ آئین تمام شہریوں کو مذہب، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہوکر بنیادی حقوق اور آزادیوں کا تحفظ دیتا ہے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 2009 میں 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن قرار دے کر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو قومی سطح پر اجاگر کیا۔ یہ فیصلہ قائداعظم کے وژن سے وابستگی اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کی عملی کاوش کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی بھی شہری کے ساتھ امتیاز کی کوئی گنجائش نہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ صرف آئینی ذمہ داری نہیں بلکہ قائداعظم کے پاکستان کی روح بھی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ شازیہ مری نے کہا کہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد اتحاد، یکجہتی اور تمام برادریوں کی مساوی شمولیت پر ہے۔ قائداعظم کے وژن اور 1973 کے آئین کی روح کو عملی طور پر نافذ کرکے ہی ایک ایسا پاکستان تشکیل دیا جاسکتا ہے جہاں تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہوں۔