نگران وزیراعلی سندھ نے این اے 237، پی ایس 104کے لیے ووٹ کاسٹ کردیا

جمعرات 8 فروری 2024 16:14

نگران  وزیراعلی سندھ نے این اے 237، پی ایس 104کے لیے ووٹ کاسٹ کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2024ء) نگران وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے پولنگ سٹیشن گورنمنٹ بوائز سیکنڈری سکول نمبر 2، بلاک 6، پی ای سی ایچ ایس برائے این اے 237 اور پی ایس 104میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پرنگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا جمہوری حق استعمال کیا ہے، سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور پولنگ سٹیشنز بخوبی کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سہولت فراہم کرنے میں صوبائی حکومت کے کردار کے بارے میں پوچھے گئے سوال پرانہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے انتخابی عملے کو پولنگ سٹیشنز تک پہنچانے سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی ہیں۔ وزیر اعلی نے سوک سنٹر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا بھی دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کوریج کے ذریعے پولنگ کے عمل کو دیکھا۔ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)حارث نواز اور آئی جی پولیس راجہ رفعت مختارنے انہیں پولنگ کے عمل کو احسن طریقے سے چلانے کے بارے میں بریفنگ دی۔بعد ازاں وزیراعلی سندھ نے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)حارث نواز اور آئی جی پولیس راجہ رفعت مختار کے ہمراہ اپنے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پولنگ کے عمل کا فضائی جائزہ بھی لیا۔